Latest News

نوجوان قیادت امارت شرعیہ کیلئے نیک فال: شاہنوازبدر قاسمی، مولانا فیصل رحمانی کے امیرشریعت بننے پر نوجوانوں میں خوشی کی لہر۔

نوجوان قیادت امارت شرعیہ کیلئے نیک فال: شاہنوازبدر قاسمی، مولانا فیصل رحمانی کے امیرشریعت بننے پر نوجوانوں میں خوشی کی لہر۔

سہرسہ: خانقاہ رحمانی مونگیر کے سجادہ نشیں حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کو امارت شرعیہ بہار، اڈیسہ و جھارکھنڈ کا آٹھواں امیر شریعت منتخب ہونے پر وژن انٹرنیشنل اسکول سہرسہ کے ڈائریکٹر اور صحافی و سماجی کارکن شاہنواز بدر قاسمی نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کیا ہے، انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مولانا فیصل رحمانی کے امیرشریعت بننے پر خاص طور پر نوجوانوں میں خوشی پائی جارہی ہے، نوجوان قیادت ہماری قوم اور اس ملک کی اہم ضرورت ہے، اس عظیم منصب جلیلہ پر امارت شرعیہ کی سوسالہ تاریخ میں سب سے کم عمر امیرشریعت کا انتخاب ایک خاموش انقلاب کی آہٹ اور بڑی تبدیلی کی علامت ہے، مولانا فیصل رحمانی پر ارباب حل وعقد اور محبان امارت شرعیہ نے جس اعتماد اور محبت کا اظہار کیا ہے اس سے مستقبل کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے، شاہنواز بدر نے کہاکہ نوجوان قیادت کو مضبوط کرنا اور اس مشن کو آگے بڑھانا ہماری ترجیحات کا ایک اہم حصہ ہے، امارت شرعیہ ملک کا وہ واحد ملی و مذہبی ادارہ ہے جہاں باصلاحیت نوجوانوں کو اہم ذمے داریاں دی گئیں ہیں مجھے یقین ہے کہ یہ تاریخی فیصلہ امارت شرعیہ کے حق میں مفید ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں یہ روایت ہے کہ ہمارے نوجوان جب کام کے ہوتے ہیں تب ان سے کام نہیں لیا جاتا اور جب وہ کام کے نہیں رہتے ہیں تو ان کو بڑی ذمے داری دی جاتی ہے اس روایتی سسٹم اور کلچر کو بدلنا ہوگا، ہم اپنے بزرگوں اور اکابرین کی سربراہی اور سرپرستی میں کام کرنے کا مزاج بنائیں اور پوری جواب دہی کے ساتھ اپنے حصے کے کام کو انجام دیں_
شاہنواز بدر نے کہاکہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی اگر ہم پوری شفافیت، منظم طریقہ کار اور ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ کام نہیں کریں گے تو عوامی سطح پر کامیاب نہیں ہوسکتے، انہوں نے کہاکہ امارت شرعیہ ایک تاریخی اور الہامی ادارہ ہے اس ادارہ کا تحفظ ہم سب کی اولین ذمے داری ہے، ہم فریق بننے کے بجائے رفیق بن کر کام کریں، نومنتخب امیرشریعت سے ہماری قوم اور ہمارے نوجوانوں کو بہت سی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں مجھے امید ہے وہ محبان امارت شرعیہ کو کسی بہی موقع پر مایوس نہیں ہونے دیں گے اور ایک مضبوط اور صالح قیادت جس کی اس ملک کو سخت ضرورت ہے وہ اپنے فکر و عمل اور عملی کاموں سے اس کمی کو پر کریں گے، انہوں نے کہا کہ مولانا فیصل رحمانی ایک ایسے عظیم خانوادہ سے تعلق رکھتے ہیں جس کے چشم و چراغ نے ہر دور کے فتنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملت کی ہر موڑ پر صحیح رہنمائی اور رہبری کی، جرأت و بیباکی اور حق گوئی ان کے خون میں ہے، خاموش انقلاب لانے کیلئے امارت شرعیہ کو ایسے ہی امیر کی ضرورت تہی جو فکر امارت کو اجتماعی طریقہ پر آگے بڑھا سکیں اور امارت شرعیہ کو دیہی علاقوں سے لیکر عالمی سطح تک متعارف کراسکیں-
شاہنواز بدر نے کہاکہ نومنتخب امیرشریعت بے داغ شخصیت کے مالک ہیں، وہ عظیم نسبت کے ساتھ اعلی دینی و عصری تعلیم یافتہ اور عملی تجربات اور جدید طریقہ کار سے بخوبی واقف ہیں، شاہنواز بدر نے کہاکہ انتخاب امیر شریعت سے قبل سوشل میڈیا کے ذریعے جو بے بنیاد الزامات اور غلط فہمیاں پھیلائی گئی اس سلسلے کو اب بند کرنا چاہیے، حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ہوں یا مولانا احمد ولی فیصل رحمانی اور مولانا انیس الرحمن قاسمی یہ تمام اہم شخصیات ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں، اکابرین ، علماء اور بزرگوں کی شان میں گستاخی انتہائی افسوس ناک اور قابلِ مذمت ہے انہوں نے آخر میں انتخاب امیر شریعت کیلئے منعقدہ ارباب حل وعقد کے کامیاب اور تاریخ ساز اجتماع پر حضرت نائب امیرشریعت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی کو بہی مبارکباد پیش کی اور کہاکہ جن مشکل حالات میں یہ تاریخ ساز انتخاب ہوا ہے اسے امارت شرعیہ کی تاریخ میں سنہرے حرفوں سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا-

Posted: Sameer Chaudhary

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر