Latest News

دیوبند میں وزیر اعلیٰ یوگی کے10 نومبر کے متوقع پروگرام کولیکر تیاریاں شروع۔

دیوبند میں وزیر اعلیٰ یوگی کے10 نومبر کے متوقع پروگرام کولیکر تیاریاں شروع۔
دیوبند:(سمیر چودھری)۔اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر کی بنیاد کے پروگرام کو 10نومبر کی تاریخ طے ہوجانے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے پائلٹ ورکشاپ کی خستہ حال عمارت کو منہدم کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ پچھلے دودنوں سے ورکشاپ کے منہدم حصوںکو ہٹائے جانے کاکام جنگی پیمانے پر شروع کیا گیا ہے۔ اسی دوران ایس ایس پی اشوک تومر نے موقع کا معائنہ کیا ۔ ریلوے روڈ پر واقع پائلٹ ورکشاپ کی عمارت کو ہٹانے کا کام تیزی کے ساتھ شروع ہوگیا ہے ۔ ٹھیکیدار کے مطابق 10نومبر سے قبل پوری عمارت کو ہٹائے جانے کے احکامات دیئے گئے ہیں جس سے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ یہاں اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر کی بنیاد رکھ سکیں گے۔ انتظامیہ نے ریلوے روڈ پر واقع پائلٹ ورکشاپ کی اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر کی 2000اسکوائر میٹر زمین کو ایکوائر کرلیا ہے جس پر بنی ہوئی عمارت کو پچھلے دودنوں سے ہٹائے جانے کا کام تیزی کے ساتھ چل رہا ہے۔ اتنا ہی نہیں پائلٹ ورکشاپ کے میدان پر نگرپالیکا کے ذریعہ صاف صفائی کا کام بھی کرایا جارہا ہے۔
 آج شام ایس ایس پی اشوک تومر نے دیوبند پہنچ کر اسٹیٹ ہائی وے پر واقع سلور پیراڈائز اور ریلوے روڈ پر واقع ورکشاپ کی جگہ کا معائنہ کرکے حالات کا جائزہ لیا ۔ اس دوران انہوں نے حفاظتی نقطہ نظر سے افسران کو ہدایات بھی دیں ۔ سی او دیوبند رجنیش اپادھیائے، کوتوالی انچارج یوگیش شرما، سمیت دیگر افسران موقع پر موجود رہے۔ دیوبند ایس ڈی ایم دیپک کمار نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے دیوبند آنے کے پروگرام کی اطلاع مل گئی ہے جس کے سبب سنگ بنیاد کی جگہ پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ اے ٹی ایس سینٹر کی بنیاد سے قبل اسٹیٹ ہائی وے پر واقع سلور پیرا ڈائز کے میدان میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر