Latest News

ووٹ بیداری مہم کے تحت جمعیة علماءکی اہم میٹنگ منعقد، ووٹر فہرستوں کی نظر ثانی مہم کے دوران ناموں کے اندراجات کا بغور جائزہ لیں:سیدذہین احمد۔

ووٹ بیداری مہم کے تحت جمعیة علماءکی اہم میٹنگ منعقد، ووٹر فہرستوں کی نظر ثانی مہم کے دوران ناموں کے اندراجات کا بغور جائزہ لیں:سیدذہین احمد۔
دیوبند:(فہیم صدیقی) جمعیة علماءہند دیوبند یونٹ کی جانب سے بعد نماز جمعہ شیخ الہندہال میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔جس میں ووٹ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ووٹ بنانے کے لئے جاری مہم میں سبھی سے حصہ لینے کی اپیل گئی۔اس موقع پر جمعیة علماءکے ضلع جنرل سکریٹری سید ذہین احمد نے ووٹ کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہر شخص کا آئینی حق اور فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات 2022کے مد نظر ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی کرنے کا کام شروع کیا جارہا ہے۔جس کے تحت ووٹر فہرستوں میں شامل ووٹرس کے نام ،ان کی تاریخ پیدائش ،پتہ،فوٹواور دیگر اندراجات کو درست کرنے کا کام کیا جائے گا۔اس کے علاوہ جو لڑکے اور لڑکیاں یکم جنوری2022تک 18سال کی عمر پوری کر رہے ہیں ان کے نام نئے ووٹرس کی حیثیت سے لسٹ میں شامل کئے جائیں گے۔ذہین احمد نے بتایا کہ ہر ایک علاقہ کے بی ایل او (BLO) 7نومبر ،15نومبر ،21نومبر اور 18نومبر کو پولینگ بوتھ والے مقامات پر فہرست کی درستگی کے لئے موجود رہیں گے۔اسلئے ہر شخص کو چاہئے کہ وہ اپنا اور اپنے اہل خانہ کے ناموں کے ووٹر لسٹ میں اندراجات کا بغور جائزہ لیںاور اگر اس میں کسی ترمیم یا تنسیخ کی ضرورت ہو تو بی ایل او سے مجوزہ فارم لیکر مطلوبہ ترمیمات کے لئے ضابطہ کی تمام کار روائی مکمل کرلیں۔اور خاندان میں 18سال مکمل کرنے والے بچوں کے ووٹ بنوانے کا عمل بھی پورا کرلیں۔

میٹنگ میں شریک گاوں کے پردھانوں اور علاقہ کے ذمہ داران سے ذہین احمد نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم ذمہ داری کو وہ بذات خود انجام دیں اور اپنے علاقوں کے لوگوں کو اس کام کے لئے بیدار کریں اور حسب ضرورت ووٹر لسٹوں میں اندراجات کرانے میں مدد کریں ۔انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر شخص کی یہ ذمہ داری ہے کہ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اس مہم کو کامیاب بنائیں ۔اس موقع پر بڑی تعداد میں دیوبند کے قرب وجوار ودیہی علاقوں کے گرام پردھان اورذمہ داران شہر موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر