Latest News

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دیوبند دورے کو لیکر تیاریاں تیز، 10 نومبر رکھیں گے اے ٹی ایس سینٹر کی سنگ بنیاد۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دیوبند دورے کو لیکر تیاریاں تیز، 10 نومبر  رکھیں گے اے ٹی ایس سینٹر کی سنگ بنیاد۔
دیوبند:(عارف عثمانی ) صوبہ کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دیوبند دور ے کو لے کر انتظامیہ نے تیاریاں تیز کردیں ۔ اے ٹی ایس سینٹر کی سنگ بنیاد کو لے کر صفائی کا کام تیزی سے کیا جارہا ہے ، ساتھ ہی جلسہ گاہ اور ہیلی پیڈ بنانے کا کام بھی جنگی پیمانے پر چل رہا ہے ۔ آج افسران کے ساتھ علاقہ کے اسمبلی رکن کنور برجیش نے تمام جگہوں کا معائنہ کیا۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے10نومبر کے پروگرام کو لے کر ہائی وے پر واقع سلور پیرا ڈائز کو جلسہ گاہ کے طورپر چنا گیا ہے ، پروگرام کی جگہ کو تیار کرنے کے لئے 24گھنٹے کام جاری ہے، وہیں قریب ہی ایک میدان میں ہیلی پیڈ بنانے کا کام بھی شروع ہوگیا ہے۔ اتنا ہی نہیں ریلوے روڈ پر واقع اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر کے لئے متعینہ جگہ پر صفائی کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔

 حالانکہ رکن اسمبلی کنور برجیش سنگھ کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جلسہ گاہ سے ہی اے ٹی ایس سینٹر کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ کنور برجیش سنگھ کے ساتھ ایس ڈی ایم دیپک کمار ، سی او رجنیش اپادھیائے، دیوبند کوتوال یوگیش شرما نے تینوں جگہوں کا جائزہ لیا اور حفاظتی انتظامات دیکھے۔ کنور برجیش سنگھ نے بتایا کہ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ 10نومبر کو دوپہر ایک سے 2بجے کے درمیان دیوبند آئیں گے اور جلسہ گاہ سے ہی کمانڈو سینٹر کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ انہوںنے بتایا کہ یہ اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر مغربی اترپردیش سمیت اتراکھنڈ علاقہ کی حفاظت کے لئے مثبت ثابت ہوگا ۔ 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر