Latest News

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی فتح کا سلسلہ جاری، پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ کر رقم کی تاریخ۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی فتح کا سلسلہ جاری، پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ کر رقم کی تاریخ۔
دبئی: متحدہ عرب امارات میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 12 کے میچ میں نمیبیا کو شکست دے کر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔پاکستان نہ صرف رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہے بلکہ مجموعی طور پر پاکستان پانچویں بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ پاکستان 2007، 2009، 2010، 2012 اور اب 2021 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے تاہم ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز اسے صرف ایک بار 2009 میں حاصل ہوا جب یونس خان کی قیادت میں قومی ٹیم نے کپ اٹھایا تھا۔

پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے، ڈیوڈ ویزے 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 2 وکٹوں پر 189رنز بنائے ۔
محمد رضوان ناقابل شکست 79 اور بابر اعظم 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 113 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ واضح رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی یہ تیسری نصف سنچری ہے۔ پاکستان ٹیم کا اسکور 122 رنز پہنچا تو فخر زمان بھی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،جس کے بعد محمد رضوان اور محمد حفیظ کے درمیان 67 رنز کی شراکت داری بنی ۔ محمد رضوان 79 اور محمد حفیظ 33رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
رضوان نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کیرئیر کی 10 ویں نصف سنچری اسکور کی۔ پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دےکر پانچویں مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ پاکستان نے اپنا آخری میچ 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔

 ایجنسی انپٹس کے ساتھ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر