Latest News

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو صرف حلال گوشت کھانے کی اجازت، ہندو تنظیموں نے بی سی سی آئی کو لیا نشانہ پر، چلایا ٹویٹر ٹرینڈ۔

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو صرف حلال گوشت کھانے کی اجازت، ہندو تنظیموں نے بی سی سی آئی کو لیا نشانہ پر، چلایا ٹویٹر ٹرینڈ۔
نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ڈائٹ پلان( کھانے کی فہرست) کو لے کر ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اس کو لیکر بی سی سی آئی کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ مبینہ طور پر ٹیم انڈیا کے کرکٹرز کے لیے صرف حلال سرٹیفائیڈ گوشت کھانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ٹویٹر پر BCCI_Promotes_Halal# کے نام سے ایک ٹرینڈ چل رہا ہے، جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔ دراصل دو دن پہلے خبر آئی تھی کہ بی سی سی آئی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے نیا ڈائٹ پلان تیار کیا ہے۔ کرکٹرز کو اس پلان پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔ جس میں صرف حلال گوشت کھانے کو کہا گیا ہے۔
اسپورٹس تک ویب سائٹ کے مطابق کھلاڑیوں کو کسی بھی طرح سے سور کا گوشت اور گائے کا گوشت کھانے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ قدم ان کی فٹنس اور صحت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ اگر کوئی گوشت کھانا چاہتا ہے تو وہ صرف حلال تصدیق شدہ گوشت کھا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ کسی اور قسم کا گوشت نہیں کھا سکتے۔ آنے والے کرکٹ کیلنڈر اور اس میں ہونے والی بڑی سیریز اور آئی سی سی ایونٹس کے دوران کھلاڑیوں کو فٹ رکھنے کے لیے اس ڈائٹ پلان پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ کھلاڑیوں کا وزن نہ بڑھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض کھلاڑیوں کو بائیو ببل میں ہونے کی وجہ سے مسلسل کرکٹ کھیلنے میں دشواری کا سامنا تھا۔ وہ تمام فارمیٹس میں اپنی توانائی برقرار نہیں رکھ پائے تھے۔ ایسے میں کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی خوراک میں احتیاط برتیں۔ جو کھلاڑی گوشت کھانے کے شوقین ہیں اور روزانہ کھاتے ہیں اُنہیں حلال گوشت کھانے کی ہدایت دی ہے۔
سوشل میڈیا پربی سی سی آئی پر نشانہ۔ 
اس معاملہ کو لیکر بی سی سی آئی پر سوشل میڈیا پر حلال سرٹیفائیڈ فوڈ کی تشہیر کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ بی جے پی اور ہندوتوا تنظیموں سے جڑے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے اس بارے میں مسلسل ٹویٹس کیے جا رہے ہیں۔ ان میں بی سی سی آئی کو ایسا نہ کرنے کو کہا جا رہا ہے۔ یہ بھی پوچھا جا رہا ہے کہ ہندو اور سکھ کرکٹرز کو حلال گوشت کھانے پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے۔
BCCI_Promotes_Halal# ٹرینڈنگ
دراصل ہندو تنظیمیں حلال گوشت کی مخالفت کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حلال سرٹیفائیڈ فوڈ کے ذریعے اسلامی اُصول اور تہذیب کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہندو اور سکھ مذہب کے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ بہت سے ہندو اور سکھ حلال گوشت نہیں کھاتے۔ اسلام میں حلال کے علاوہ کسی اور طریقے سے تیار گوشت کھانے پر پابندی ہے۔ 

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر