Latest News

وزیر داخلہ امت شاہ نے اپوزیشن پر بولا سخت حملہ، کہا یوگی نے یوپی میں غنڈوں کا صفایا کر کے قانون کا راج قائم کیا۔ وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں سہارنپور میں رکھا یونیورسٹی کا سنگ بنیاد۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے اپوزیشن پر بولا سخت حملہ، کہا یوگی نے یوپی میں غنڈوں کا صفایا کر کے قانون کا راج قائم کیا۔ وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں سہارنپور میں رکھا یونیورسٹی کا سنگ بنیاد۔
سہارنپور: (سمیر چودھری)
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ یوگی حکومت نے اترپردیش میں قانون کا راج قائم کیاہے، جہاں پہلے پولیس مافیا اور غنڈوں سے ڈرتی تھی وہاںآج غنڈے مرغا بن کر پولیس کے آگے سرینڈر کرتے ہیں۔ آج یہاں سہارنپور کے جنتا روڈ پرواقع پنوارکا میں شاہ کمبھری اسٹیٹ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں رکھا۔اس دوران منعقد عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے اپوزیشن پر حملہ آور ہوتے ہوئے اور مذہبی نعرے لگاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر یوپی میں بی جے پی کی حکومت بنوانے کی اپیل کی۔
امت شاہ نے کہاکہ یوگی حکومت نے ریاست کو فسادات سے پاک کر دیا ہے۔ شاہ نے یہ بھی کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے ’ایئراسٹرائیک‘اور ’سرجیکل اسٹرائیک‘ کر کے پاکستان کے گھر میں گھس کر جواب دیاہے اور پور ی دنیا میں بھارت کے مضبوط ہونے کاپیغام دیاہے۔امت شاہ نے کہاکہ ایک وقت تھا جب یہاں فسادات ہوتے تھے ، نقل مکانی کی جاتی تھی، کرفیو لگتاتھاور ایک فرقہ کے خلاف کارروائی ہوتی تھی لیکن آج بی جے پی حکومت نے اتر پردیش کو فسادات سے پاک کردیا،نقل مکانی کرانے والی کی ہی نقل مکانی کرادی گئی۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو پر نشانہ لگاتے ہوئے گزشتہ اکھلیش یادو حکومت اور موجودہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے دور میں جرائم کے تقابلی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ یوگی حکومت میں ڈکیتی، قتل ،فسادات ، جہیز کے لیے قتل کے واقعات میں بھاری کمی آئی ہے۔ اکھلیش جی گھر جا کر اعداد و شمار چیک کریں۔ آپ کے دور میں اتر پردیش میں مافیا راج تھا اور آج یوپی میں قانون کی حکمرانی ہے۔شاہ نے کہا کہ اتر پردیش میں ایک وقت تھا کہ پولس مافیا سے ڈرتی تھی، لیکن آج مافیا پولس کے سامنے مرغ بن کر سرینڈر کر رہے ہیں۔ یوگی حکومت نے مغربی اتر پردیش کو اس وقار واپس دیاہے،جہاں بیٹیاں اسکول کالج جانے سے ڈرتی تھی ،وہاں آج بیٹیوں کو کسی طرح خوف نہیں ہے۔ کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کی حکومت میں پاکستانی دہشت گرد ملک میں داخل ہوتے تھے اور ننگا ناچ کرکے چلے جاتے تھے۔ لیکن ہم نے پاکستان کے گھر گھس کر ایئر اسٹرائیک اور سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعہ منہ توڑ جواب دے کر ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنایا۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومتوں میں شوگر ملیں بیچنے کی سازش ہوتی تھی،کسانوں کا استحصال کیا جاتاہے لیکن آج کسانوں کے گنےّ کی ادائیگی وقت پر ادا کی جارہی ہے،مل بیچنے والوں سی بی آئی جانچ کرائی جارہی ہے، گنےّ کے 90 فیصد کسانوں کی دائیگی کردی گئی ہے۔

امت شاہ نے کہا کہ جو کام کوئی نہیں کرسکا تھا وہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کئے ہیں، دفعہ 370 کی منسوخی، تین طلاق مخالف قانون اور رام مندر جیسے پیچیدہ مسائل حل کئے۔ اب ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو بھی آئندہ اسمبلی انتخابات میں ایک بار پھر عوام کے آشیرواد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں شاہ کمبھری دیوی کے نام سے بننے والی اس یونیورسٹی سے کئی اضلاع کے طلبہ وطالبات کو فائدہ پہنچے گا۔
واضح رہے کہ یہ یونیورسٹی 50.43 ایکڑ اراضی پر تعمیر کی جائے گی اور اس کی تعمیر پر 92 کروڑ روپے خرچ ہونے کاتخمینہ پیش کیاگیا ہے۔ اس یونیورسٹی کا نام شا ہ کمبری دیوی کے نام پر رکھا گیا ہے، اس نام سے بہٹ علاقہ میں ایک قدیم مندر بھی ہے۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ سہارنپور کے لوگوں کا یونیورسٹی کا بہت قدیم مطالبہ تھالیکن سابقہ حکومتوں کو تعلیم اور غریبوں سے کوئی لینا دینا نہیں تھا اس وجہ سے اس کی تعمیر نہیں ہوسکی لیکن ہم نے یہ کرکے دکھایا ہے، انہوںنے کہاکہ پہلے بیٹیاں یہاں محفوظ نہیں تھی لیکن ہماری حکومت نے سبھی کو عزت اور حفاظت دینے کاکام کیاہے اور غنڈے مافیاو ¿ں کو ان کی جگہ پہنچا کر صوبہ میں قانون کا راج قائم کیاہے، پہلے دہلی سے سہارنپور کی دوری8 گھنٹے تھی لیکن آج ڈھائی سے تین گھنٹے میں یہ سفر طے ہوتاہے، انہوں نے کہاکہ سہارنپور مظفرنگر دنگوں کو کون بھول سکتاہے، فسادیوں کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر اعزاز دے کر فسادیوں کے حوصلہ بڑھائے جاتے تھے،لیکن آج اترپردیش میں فساد نہیں ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنے تقریر میں مذہبی رنگ ڈالتے ہوئے کہاکہ ہندووں کے پانچسو سالہ رام مندر کا خواب وزیر اعظم مودی کے دور میں پورا ہواہے، یوگی نے کہاکہ ملک اور صوبہ کی باگ ڈور مضبوط ہاتھوں میں ہیں جو ملک اور صوبہ کو ترقی کے نئے راستے پر لیکر جارہی ہے،انہوں نے اپوزیش پر جم کر حملہ بولا۔

علاوہ ازیں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران مرکزی وزیر سنجیو بالیان،سوریہ پرتاپ شاہی، سریش رانا، راگھو لکھن پال شرما، ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی، پردیپ چودھری، دنیش کھٹیک، بھوپیندر چودھری، کنور برجیش سنگھ، دیویندر نم، سنجیو والیہ سمیت بڑی تعداد میں بی جے پی کے لیڈران اور بھاری تعداد میں لوگ موجودرہے۔ اُدھر، وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ کے دورہ کے مدنظر ضلع میں زبردست حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ،اتنا ہی نہیں بلکہ پروگرام کے آس پاس کئی اضلاع پولیس اور فورس کے ساتھ سیکوریٹی کے زبردست بندوبست کئے گئے تھے اور ضلع کے سبھی تعلیمی اداروں می تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر