مجلس عاملہ میں پیش کئے گئے جدید گریڈ اسکیل کے نقشے، دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا یک روزہ اجلاس اہم فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر۔
عظیم علمی و دینی دانش گا ہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا یک روزہ اہم اجلاس آج ادارہ کے مہمان خانہ میں منعقد ہوا ،جس میں دارالعلوم دیوبند کے تعلیمی، تعمیری و انتظامی امور پر غور و خوض ہوا اور ضروری فیصلے لیے گئے۔ اس دوران سابقہ خواندگی کارروائی کی توثیق عمل میں آئی۔
اتوار کے روز صبح نوبجے سے ادارہ کے مہمان خانہ میں منعقد ہوا مجلس عاملہ کا یہ اجلاس تین بجے تک جارہا۔ اس دوران سابقہ شوریٰ کے اجلاس میں اساتذہ و ملازمین کے جدید اسکیل گریڈ بندی کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی نے تنخواہوںمیں اضافے اور جدیڈ گریڈ اسکیل کے لئے بنائے گئے نقشے پیش کئے اور توقع ہے آئندہ شوریٰ کے اجلاس میں اس کا نفاذ ہوجائیگا۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں حسب معمول اکتوبر میں منعقد ہوئے مجلس شوری کے اجلاس کی کارروائی کی خواندگی عمل میں آئی اور خواندگی کے دوران زیر غور مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مجلس تعلیمی کی رپورٹ پیش کی گئی اور تعلیم سے متعلق امور پر اہم فیصلے لیے گئے۔اجلاس میں دارالعلوم کے تعمیری و انتظامی امور پر بھی غور و خوض ہوا اور ضروری فیصلے لیے گئے ۔ کورونا جیسی مہلک وباءکے سبب طویل مدت تک ادارہ میں تعلیم کا سلسلہ منقطع رہنے کے بعد تعلیم کے آغاز اور طلبہ و ادارہ کے دیگر درپیش مسائل بھی اراکین عاملہ کے زیر غور آئے۔
واضح رہے سابقہ شوریٰ کے اجلاس ادارہ کے 35 کروڑ 48 لاکھ روپئے کے بجٹ کو منظوری دی گئی تھی وہیں ادارہ نائب مہتمم مولانا عبدالخالق سنبھلیؒ کے انتقال کے بعد مفتی راشد اعظمی کو ادارہ کا نیا نائب مہتمم منتخب کیاگیا تھا،اس کے علاوہ پیشکار عدنان عثمانی کے انتقال کے بعد پیشکار کے عہدہ کے لئے مفتی محمد ریحان کا تقرر بھی عمل میں آیا تھا۔ وہیں طویل وقت سے ہورہے ادارہ کے اساتذہ و ملازمین کے جدید گریڈ اسکیل بندی کے مطالبہ پر ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی،جس نے آج تنخواہوں میں اضافے اور جدید گریڈ اسکیل کے نقشے اراکین عاملہ کے سامنے پیش کئے ،توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ آئندہ شوریٰ کے اجلاس کے بعد نئے اسکیل گریڈ کا نفاذ ہوجائیگا۔ حسب معمول تلاوت کلام اللہ سے اجلاس کا آغاز ہو ا جبکہ دعاءپر یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
اجلاس میں مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی ، صدر المدرسین ،مولانا سید ارشد مدنی ،مولانا ملک محمد ابراہیم ،مولانا نظام الدین، مولانا مفتی محمد اسماعیل مالیگاوں، مولانا رحمت اللہ کشمیری، مولانا انوارالرحمن بجنوری، مولانامحمود راجستھانی شریک ہوئے۔ جبکہ مجلس عاملہ کے رکن مولانا بدر الدین اجمل قاسمی اورمولانا عبدالعلیم فاروقی کسی عذر کی وجہ سے شریک اجلاس نہ ہوسکے۔
DT Network

0 Comments