Latest News

اتر پردیش سمیت پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کو ملتوی کرنے کے موڈ میں نہیں ہے الیکشن کمیشن، محکمہ صحت کیساتھ تبادلۂ خیال۔

اتر پردیش سمیت پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کو ملتوی کرنے کے موڈ میں نہیں ہے الیکشن کمیشن، محکمہ صحت کیساتھ تبادلۂ خیال۔
نئی دہلی :آئندہ سال اتر پردیش سمیت پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ اسی درمیان کورونا کے نئے ویریئنٹ اومی کرون ملک میں تیزی سے پھیل رہاہے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے انتخاب کو ملتوی کرنے کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ اسی تعلق سے پیر کے روز انتخابی کمیشن نے محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں پانچ ریاستوں اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، پنجاب اور منی پور میں کورونا اور اومی کرون کے بڑھتے معاملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اس میٹنگ میں انتخاب ملتوی کرنے کو لے کر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اب جنوری 2022 میں اسمبلی انتخابات کو لے کر محکمہ صحت کے افسران اور انتخابی کمیشن کے افسران کی پھر سے میٹنگ ہوگی۔ اس میٹنگ میں طے کیا جائے گا کہ انتخاب کرائے جائیں یا پھر ملتوی کیا جائے۔ میڈیا کے مطابق انتخابی کمیشن کے ذریعہ بلائی گئی میٹنگ میں مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن، صحت و خاندانی فلاح وزارت کے سینئر افسران کے ساتھ پہنچے۔
اس میٹنگ میں ملک میں بڑھتے اومی کرون کیسز، خصوصاً انتخابی ریاستوں میں اومی کرون اور کورونا کے حالات اور ٹیکہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے لئے سیاسی جماعتیں پوری طرح سرگرم ہیں۔ اُترپردیش ، اُتراکھنڈ ، منی پور ، گوا اور پنجاب میں آئندہ سال کے اوائل میں انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔ پانچ ریاستوں کے منجملہ چار ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں قائم ہیں ، ایک ریاست میں کانگریس کا قبضہ ہے ۔ اگرچہ ان ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی تواریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن تمام سیاسی جماعتیں بڑے پیمانے پر ریالیاں منعقد کرتے ہوئے اپنی مہم چلارہی ہیں ۔ اُترپردیش سب سے بڑی ریاست ہے جہاں اپنی سبقت کے لئے برسراقتدار بی جے پی کے علاوہ کانگریس اور دوسری جماعتیں بھرپور کوشش کررہی ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں خاص طورپر کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے قائدین مسلسل ریالیاں منعقد کررہے ہیں ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر