مہاراشٹر اسمبلی توہین رسالت کے خلاف بل پاس کرے، ڈاکٹرپرکاش امبیڈ کر نےروسی صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے شرد پوار اور ادھوٹھا کرے سے کی اپیل۔
ممبئی: ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر ڈاکٹر پر کاش امبیڈ کر نے روسی صدر ولادمیر پوتن کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی اظہار رائے کی آزادی کے زمرہ میں نہیں آتی۔
پرکاش امبیڈ کر نے کہا کہ روس کے صدر کے اس بیان سے ہندوستان سمیت دنیا بھر میں ان تمام لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوئی جو امن اور ہم آہنگی کے علمبردار ہیں اور نفرت پر مبنی تحریر اور تقریر کو پسند نہیں کرتے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے رہنما پر کاش امبیڈ کر ایک عرصہ سے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کو جرم قرار دینے والے بل کو مہا راشٹر قانون ساز کونسل اور اسمبلی میں منظور کرانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ انہوں نے قانون ساز کونسل میں بل کا مشورہ پیش بھی کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم ایک عظیم انسان تھے انہوں نے دنیا کو زندگی جینے کا طریقہ سکھا یا ایسی شخصیت کی شان میں گستاخی کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کی جاسکتی اور جولوگ اس کے مرتکب پائے جائیں ان کو ان کے کئے کی سزا ملنی ہی چاہئے۔ ڈاکٹر پرکاش امبیڈ کر نے مہاراشٹر کی تمام سیاسی پارٹیوں بالخصوص این سی پی رہنما شرد پوار اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھوٹھا کرے سے اپیل کی کہ وہ اس کو منظور کرانے میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مہاراشٹر میں یہ قانون منظور ہو جا تا ہے تو دیگر ریاستیں بھی اس کی تقلید کر ینگی اور اس کے بعد مرکزی حکومت پر بھی اس کے لئے دباؤ بنے گا۔ ڈاکٹر پر کاش امبیڈ کر نے کہا کہ وہ اس بل کو منظور کرانے کے لئے اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے خواہ اس کی کوئی بھی قیمت کیوں نہ چکانی پڑے۔
0 Comments