آل انڈیا ملی کونسل و آواز انڈیا فاونڈیشن کی جانب سے نیٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے لئے اعزازی تقریب کا انعقاد۔ ایم پی حاجی فضل الرحمن نے کی بچوں کی حوصلہ افزائی۔
سہارنپور: آل انڈیا ملی کونسل سہارنپور و آواز انڈیا فاونڈیشن کی جانب سے ملکی سطح پر نیٹ کے مقابلہ جاتی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے اعزاز میں آج روٹری کلب سہارنپور میں ایک اعزازی تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس میں طلبہ و طالبات کو اعزازی ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب میں مہمان خصوصی ممبر آف پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے شرکت کی، پروگرام کی صدارت صفیہ صبوحی افتخار ڈائریکٹر برا ون ووڈ پبلک اسکول نے کی،جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے انجام دیئے۔پروگرام کا آغاز جامعہ رحمت کے طالبعلم محمد جاوید کی تلاوت سے ہوا۔
صحافی ڈاکٹر شاہد زبیری نے کہا کہ یہ اعزازی تقریب طلبہ کی کوششوں کو نئی اڑان دینے،ماڈرن ایجوکیشن میں قوم کے رتبہ کو بلند کرنے اور انکی ٹوٹی امیدوں کو سہارا دینے کے لئے منعقد کی گئی ۔مہمان خصوصی حاجی فضل الرحمن علیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس مسابقتی دور میں اگر طلبہ جدوجہد، محنت لگن اور کوششوں و جدو جہد کے ساتھ اونچے عزائم کو آگے رکھ کر قدم بڑھائیں تو انہیں یقینی طور کامیابی وکامرانی حاصل ہوگی اور جو مقاصد بھی وہ طے کرینگے،ان تک ضرور پہنچیں گے۔ انہوں نے اداروں کے ذمہ داران اور اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔صفیہ صبوحی افتخار نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ نوجوان قوم و ملت اور ملک کا اثاثہ ہیں ان کی صحیح تربیت کے ساتھ اچھے شہری کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کریں۔احساس کمتری سے باہر نکل کر خود اعتمادی کے ساتھ طلبا پڑھائی پر توجہ مبذول کریں۔انہوں نے اساتذہ کی خدمات کی ستائش کی۔
ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل سہارنپور مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ہمیں خوشی ہے کہ ہرسال نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جوکہ قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔تقریب کے دوران جامعہ رحمت گھگھرولی کے طلبا نے ثقافتی پروگرام پیش کرکے داد تحسین حاصل کی۔ آخر میں کامیاب طلبا وطالبات کو ٹرافی سے نوازاگیا۔تقریب میں مہمانان اعزازی کے طور پر ڈاکٹر قدسیہ انجم،اوصاف گڈو، جامع مسجد کے منیجر مولانا فرید مظاہری،پروفیسر جلال عمر، قاضی شوکت حسین،پروفیسر شاہد انصاری نے شرکت کی جبکہ دیگر خطاب کرنے والوں میںچودھری جاں نثار ایڈوکیٹ، صابر علی خاں ،مولانا احمد سعیدی مظاہر علوم وقف،شیر شاہ اعظم،مظہر عمر،مظفر چودھری اور حیدر روف صدیقی شامل رہے۔خصوصی شرکاءمیں مولانا ریاض الحسن ندوی، شکیل احمد ،سید راشد نیو ایرا اکیڈمی،افضال خاں سر سید اسکول،سید حمزہ،سید مدثر،مولانا عارف،مولانا واصف رشیدی،مولانا اسجد مفتاحی، ڈاکٹر عبدالستار،تاجدار خاں،سید حسان،راو محبوب،انوار احمد،عرفان الحق،شاہ زماں،جنید خاں،ذاکر ندوی،حاجی توصیف،عارف خاں،طاہر علی،رحمن عزیز،گل بہار،فرحت مہدی،حافظ اویس تقی،منصور بدر کونسلر،مولانا فاروق،مولانا شمشیر الحسینی قاسمی اورامجد علی قابل ذکر ہے۔تقریب کے اختتام پر قومی گیت محمد ابصار دہلوی اور قومی ترانہ عبدالصمد مغیثی متعلم نے پیش کئے۔
DT Network
0 Comments