Latest News

اولیاء اللہ سے بغض وعداوت اور بدگمانی رکھنے والوں کا ایمان سلامت نہیں رہتا،جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام عظمت اولیاء کانفرنس میں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کا خطاب۔

اولیاء اللہ سے بغض وعداوت اور بدگمانی رکھنے والوں کا ایمان سلامت نہیں رہتا،جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام عظمت اولیاء کانفرنس میں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کا خطاب۔
کانپور:۔ اللہ جس کو اپنا دوست بنا لیں دنیا میں اس کو جو فائدے حاصل ہو تے ہیں وہ اپنی جگہ لیکن سب سے بڑافائدہ یہ حاصل ہوتا ہے کہ اس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا ہے۔ اللہ اس کی غیب سے نگرانی کرتے ہیں، ہر چیز میں اللہ اس کیلئے کافی ہو جاتے ہیں۔
مذکورہ خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء کانپور دیہات کے زیر اہتمام مدرسہ اشرف العلوم کیسی میں ضلع صدر مولانا محمد اظہار قاسمی کی زیر صدارت منعقدہ عظمت اولیاء واصلاح معاشرہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بطور مہمان خصوصی تشریف لائے جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اللہ کے دوست یعنی اولیاء اللہ سے کبھی بغض،عداوت اور بدگمانی نہ رکھنا کیونکہ خدنخواستہ اگر اللہ ناراض ہو گئے تو اپنے دوست کے ساتھ دشمنی کرنے والے کے ساتھ اللہ اعلان جنگ فرمارہے ہیں۔ مولانا نے بزرگوں کے واقعات کی روشنی میں کہا کہ کسی عالم کے ساتھ اس کے عالم ہونے کی وجہ سے کوئی ان سے بدتمیزی،بدتہذیبی کرے یا شان میں گستاخی کرے تو ایسے شخص کا ایمان سلامت نہیں رہتا۔ انہوں کہا کہ اگر ہم بڑے داعی اسلام ہیں، ساری دنیا میں دین کا پیغام لے کر پہنچ رہے ہیں، لوگوں کو مسجد کے قریب لا رہے ہیں، لیکن اگر ایک لمحہ کیلئے بھی دل میں یہ خیال آ گیا کہ ہمارے مسجد کے امام صاحب یا مولانا صاحب مسجد میں ہی خالی بیٹھے رہتے ہیں، صرف مکتب میں بیٹھ کر بچوں کو پڑھاتے رہتے ہیں اور ہم ساری دنیا میں گلی گلی گھوم گھوم کر لوگوں کو دین کی دعوت دے رہے ہیں، اس بنیاد پر امام صاحب یا مولانا صاحب کو اپنے سے کمتر سمجھا تو یہ اللہ سے دشمنی کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ ایسے لوگوں کو اللہ اپنا دوست کہہ رہے ہیں۔ ہم کتنے بھی بڑے ہوجائیں اللہ کے نیک بندوں اور اولیاء اللہ کا احترام ہمارے اوپر لازم اور ضروری ہے، یہ مقام اللہ تعالیٰ اپنے دوستوں کو عطا فرماتے ہیں۔ اس کے علاوہ مولانا نے اصلاح معاشرہ کے تعلق سے بچوں کی تربیت، والدین کی ذمہ داریاں، دینی حمیت اور غیرت، اللہ کی مخلوقات سے محبت،بہنوں کو وراثت میں حصہ دینے،جمعیۃ علماء کے قیام کا مقصدسمیت دیگر نکات پر تفصیل سے گفتگو کی۔

اس سے قبل کانفرنس کا آغاز قاری محمد اویس نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ قاری محمد شان نے نعت و منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض جمعیۃ علماء کانپور دیہات کے نائب صدر مفتی مجیب الرحمن قاسمی نے بحسن و خوبی انجام دئے۔ اس موقع پر مولانا عابد صاحب صدر جمعیۃ علماء اوریا،مولانا محمد طارق قاسمی، مولانا شان محمد جامعی،مفتی عبدالعزیز قاسمی،الحاج محمد لقمان نائب صدر،محمدرضوان،حاجی بدرعالم،ماسٹر مرتضیٰ،حافظ اکرم،محمد اصغر،حاجی ظہیرالدین، محمدنسیم، حافظ شکیل،حافظ اشفاق،مولانا محمد دلشادکے ساتھجمعیۃ علماء کانپور دیہات کے جملہ اراکین عاملہ و منتظمہ و کثیر تعداد میں مقامی عوام موجود رہے۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر