یوگی سرکار سے عوام پوری طرح عاجز آچکے ہیں ،رکن اسمبلی ناہیدحسن نے کہاکہ حکومت کی تبدیلی کا وقت آگیا۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے چودھری ناہید حسن نے کہا کہ بی جے پی کی غلط اور عوام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے اترپردیش کی عوام پوری طرح سے عاجز آچکی ہے۔اسلئے آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ریاستی عوام نے اقتدار تبدیل کرکے ایک مرتبہ پھر اکھلیش یادو کی قیادت میں سماج وادی پارٹی کی حکومت قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیل کے مطابق منگل کے روز میرٹھ میں منعقد سماج وادی پارٹی اور راشٹریہ لوگ دل کی مشترکہ ریلی سے لوٹتے ہوئے دیر شام دیوبند پہنچے کیرانہ اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے ناہید حسن نے محلہ گدی واڑہ میں سماج وادی پارٹی کارکنان کی ایک میٹنگ میں شرکت کی ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ناہید حسن نے کہا کہ اکھلیش یادو اور سماج وادی پارٹی کی منعقد ہونے والی ریلیوں میں عوام کے ہجوم نے ثابت کردیا ہے کہ اترپردیش کی عوام بی جے پی کی یوگی حکومت سے کس قدر عاجز آچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگل راج میں اترپردیش کی عوام سماجوادی حکومت کو یاد کررہی ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ اس وقت پورے صوبہ میں کسانوں، بے روز گار نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کی کسی بھی سطح پر سنوائی نہیں ہورہی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام میں دن بہ دن یوگی حکومت کے خلاف غم وغصہ بڑھتا جارہا ہے۔
چودھری ناہید حسن نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں سماج وادی حکومت کی جانب سے کرائے گئے ترقیاتی کاموں پر اپنے نام کا لیبل لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے نام پر تقرریں تو بہت کی گئیں لیکن پچھلے پانچ سالوں میں پورا اترپردیش ترقی کے معاملہ میں صفر رہا ہے ۔انہوں نے بی جے پی حکومت کو نشان تنقید بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت شہروں اور اضلاع نام تبدیل کرنے کو ترقی کا نام دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اکھیلیش یادو کی قیادت میں گزشتہ سماج وادی حکومت کے دوران اترپردیش میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور ریاست کا ہر طبقہ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاح وبہبود کی اسکیموں سے مستفیض ہوا ہے۔ ناہید حسن نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت سماج وادی پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر ظلم وستم کررہی ہے لیکن اس کے باوجود ہم خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں بلکہ ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائیگا اور حکومت کی غلط پالیسیوں کی بھر پور مخالفت کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اب اقتدار کی تبدیلی میں بہت کم وقت رہ گیا ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی مضبوط اکثریت کے ساتھ ریاستی حکومت قائم کریگی ۔انہوں نے تمام کارکنان پر اس بات کا زور دیا کہ وہ اسمبلی انتخابات 2022کے لئے بھر پور تیاریاں شروع کردیں اور سماج وادی پارٹی کی پالیسیوں کو گھر گھر تک پہنچانے کا کام کریں اور بوتھ سطح پر اپنے آپ کو مضبوط کرنے کا کام کریں ۔اس موقع پر پانی پت سنولی بلاک کے چیئرمین مولانا امجد مجیدی قاسمی، سابق ایم ایل اے معاویہ علی کے بیٹے حیدر علی، مفتی احمد گوڑ، جاوید خان شمس الدین عرف شبی اور تنظیم خان وغیرہ موجود رہے۔
DT Network
0 Comments