Latest News

گذشتہ ایک صدی پر محیط جمعیۃ علماء ہند کا ماضی انتہائی روشن اور تابناک۔ مفتی اظہار مکرم قاسمی

گذشتہ ایک صدی پر محیط جمعیۃ علماء ہند کا ماضی انتہائی روشن اور تابناک۔ مفتی اظہار مکرم قاسمی
پٹنہ: مسلمانانِ ہند کی سب سے قدیم، متحرک اور فعال جماعت جمعیۃ علماء ہند کی صوبائی شاخ جمعیۃ علماء بہار کے ذمہ داران، کارکنان اور جمعیۃ علماء شہر پٹنہ کے عہدے داران علماء کرام و دانشوران کی ایک خصوصی نشست جمعیۃ علماء بہار کےصوبائی دفتر جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ عالم گنج پٹنہ میں منعقد ہوئی۔ جس میں بطور مہمان خصوصی جمعیۃ علماء کانپور کے جنرل سیکریٹری مفتی اظہار مکرم قاسمی ناظم مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور نے ملک اور صوبہ بہار کے موجودہ حالات میں تنظیم کی اہمیت اور جمعیۃ علماء ہند کی خدمات کا اجمالی تعارف بالخصوص جمعیۃ علماء صوبہ بہار کے جنرل سیکریٹری مفکر ملت مولانا محمد ناظم قاسمی بانی و مہتمم جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ عالم گنج پٹنہ کی موجودہ شاندار خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں مسلمانوں کی بنیادی ضروریات پر محنت کرنے والی تنظیموں میں جمعیۃ علماء ہند سر فہرست ہے۔خواہ وہ تعلیمی ضرورت ہو، معاشی ضرورت ہو، سماجی سدھار کی ضرورت ہو،ملی اتحاد اور قومی یکجہتی کا مسئلہ ہو، مساجد مدارس کی خود مختاری اور ان کے تحفظ کا مسئلہ ہو، ہر شعبہ میں جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران و کارکنان میدانِ عمل میں سرگرم نظر آتے ہیں۔
مہمان محترم مفتی اظہار مکرم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء کانپور نے مزید کہا کہ جدوجہد آزادی ہی نہیں ملک کی کوئی بھی تاریخ جمعیۃ علماء ہند کے ذکر کئے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی، خواہ وہ ملی یا قومی اور وطن کی آزادی کے لئے میدان جنگ، کسی تحریک کی قیادت ہو یا پھر کسی مصیبت اور پریشانی کے وقت میں لوگوں کی مدد و غمگساری، ہر میدان میں اس جماعت کے سرخیلوں نے اہم کارنامے انجام دئے ہیں۔ اور حکومتِ وقت کے سامنے سینہ سپر ہوکر حق اور سچ بات رکھی ہے، اور یہ سلسلہ قائد جمعیۃ حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کی قیادت وسیادت میں جاری ہے۔ جمعیۃ علماء بہار کے موجودہ جنرل سیکریٹری مفکر ملت مولانا محمد ناظم قاسمی کا شمار بھی انہیں قائدین میں ہوتا ہے۔ ادھر چند سالوں میں مولانا محمد ناظم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء بہار نے صوبائی جمعیۃ کو پورے ملک میں ایک خاص مقام و پوزیشن پر پہنچایاہے، جس کے تذکرے ہر خاص و عام کی زبان پر سننے کو مل رہے ہیں۔
 جمعیۃ علماء بہار کے آفس سیکریٹری مولانا آصف جمیل قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ ضلع ویشالی نے کہا کہ میں سب سے پہلے کانپور سے تشریف لائے ہوئے اپنے مہمان خصوصی جو جمعیۃ علماء اترپردیش کے سابق صدر حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی رحمۃ اللہ کے معتمد خاص رفیق محترم حضرت مولانا مفتی اظہار مکرم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء کانپور کا دل کی گہرائیوں سے استقبال کرتا ہوں کہ مفتی صاحب نے ہماری دعوت پر آج یہاں تشریف لائے اور ہم خدامِ جمعیۃ علماء کو جماعت کی تاریخ اور اس کی موجودہ خدمات پر روشنی ڈال کر آگے لائحہ عمل پر بہت تفصیلی گفتگو فرمائی آگے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن حکم کی تعمیل کرتے ہوئے میں کہوں گا کہ جمعیۃ علماء ہند اور خصوصاً جمعیۃ علماء بہار کی خدمات و قربانیاں روز روشن کی طرح عیاں ہیں، ایسی فعال اور متحرک جماعت کو مضبوط کرنا اور پورے صوبے میں ایک ایک گھر تک جماعت کا پیغام پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آخر میں مہمان محترم مفتی اظہار مکرم قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء شہر کانپور نے کہا کہ ادھر کچھ دنوں سے فرقہ پرست طاقتیں ملک کے امن و امان کو درہم برہم کرنے کے لئے نفرت بھری زہریلی تقریریں کرواکر پولرائزیشن کا خواب دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نفرت پیدا کرنے والوں پر قدغن لگا کر ملک کے امن امان کو برباد ہونے سے بچائیں۔ نفرت کی تقریروں سے ووٹ ملنے والے نہیں ہیں، اتراکھنڈ ودیگر جگہوں میں دھرم سنسد میں اقلیتوں خصوصی طور سے مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے جیسی نفرت انگیز تقریر کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کو ملک کے لئے شرمناک قرار دیا ہے۔
اس موقع پر خاص طور سے جمعیۃ علماء ضلع پٹنہ کے جنرل سیکریٹری مولانا اظہار عالم قاسمی، ملی فاؤنڈیشن کے چیئرمین مولانا ابرار الحق قاسمی ، مولانا محمد سالم ، مولانا فیروز عالم محمد ارشاد وغیرہ بطور خاص شریک تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر