Latest News

نئے سال پر کشمیر سے لے کر کنیا کماری تک حادثے ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ، 13 ہلاک، ہریانہ میں لینڈ سلائڈنگ4 کی موت، تمل ناڈو پٹاخہ فیکٹری میں آتشزدگی 3 کی جان گئی،

نئے سال پر کشمیر سے لے کر کنیا کماری تک حادثے 
ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ، 13 ہلاک، ہریانہ میں لینڈ سلائڈنگ4 کی موت، تمل ناڈو پٹاخہ فیکٹری میں آتشزدگی 3 کی جان گئی، بھگدڑ کی اعلیٰ تحقیقات کا حکم، صدر اور وزیر اعظم کا اظہار افسوس، مہلوکین کے ورثاء کو دو دو لاکھ دینے کا اعلان۔
نئی دہلی:  جموں میں ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ مچ جانے کے باعث ۱۳؍ زائرین کی موت واقع ہوئی جبکہ ۱۵زخمی ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نئے سال کی آمد پر ویشنو دیوی مندر میں حاضر ی دینے کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں یاتری کل شام یہاں پہنچے جس وجہ سے مندر میں کافی بھیڑ جمع ہوئی۔اُن کے مطابق صبح دوبجکر ۴۵منٹ پر ویشنو دیوی بھون میں بھاری بھیڑ کے بیچ دو گروہوں کے درمیان کسی بات پر تو تو میں میں شروع ہوئی جس وجہ سے بھون میں بھگدڑ مچ گئی۔جس کی وجہ سے کئی زائرین ہلاک وزخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا بھی امکان ہے۔ دریں اثنا پولیس چیف دلباغ سنگھ نے بتایا کہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ کے باعث ۱۲یاتری فوت ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ بھون کے اندر بھاری بھیڑ کے بیچ دو گروپوں کے درمیان کسی بات پر تو تو میں شروع ہوئی جس وجہ سے بھگدڑ کا ماحول پھیل گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے سال کی آمد پر ماتا ویشنو دیوی مندر میں ہزاروں کی تعداد میں یاتری حاضری دینے کی غرض سے کٹرا پہنچے ۔اُنہوں نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد یاتری  لمبی لمبی قطاروں میں اپنی بھاری کا انتظار کر رہے تھے کہ اسی اثنا میں وہاں دو گروپوں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی اور وہ بھاگنے لگے جس وجہ سے زبردست بھگدڑ مچ گئی اور لوگ ایک دوسرے پر گر پڑے۔ علاوہ ازیں پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہی ہیں کہ بھگدڑ کا یہ واقع کیسے اور کن حالات میں وقوع پذیر ہوا۔ ادھر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ماتا ویشنو دیوی بھون کٹرا جموں میں بھگدڑ مچ جانے سے  ہوئے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھگدڑ سے ۱۳زائرین جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ۔اُن کے مطابق  یہ واقع کیسے رونما ہوا اس کی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بھی اس معاملے پر بات کی۔ایل جی نے بتایا کہ مرنے والوں کو فی کس دس لاکھ اور زخمیوں کو دو لاکھ بطور ایکس گریشا دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے ویشنو دیوی مندر میں پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے دو دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں مودی نے کہا ’’ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ میں جانوں کے ضیاع سے انتہائی غمزدہ ہوں۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں میری تعزیت۔ میں زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی تمنا کرتا ہوں۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے  منوج سنہا جی، وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ جی اور مسٹر نتیا نند رائے جی سے  بات کی  اور صورتحال کا جائزہ لیا۔وہیں وزیر اعظم کے دفتر کی جانب  سے جاری  ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے ’’ماتا ویشنو دیوی مندر میں آنے والے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 ، 2لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ جبکہ زخمیوں کو ، 50، 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ صدر رام ناتھ کووند نے جموں و کشمیر کے کٹرا میں ماتا ویشنو دیوی بھون میں مچی  بھگدڑ میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو ٹویٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر کووند نے کہا ’’یہ جان کر بہت افسوس ہوا کہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ کے افسوسناک  واقعہ میں عقیدت مندوں کی جانیں چلی گئیں۔ مرنے والوں کے سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت۔ تمام زخمی کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں‘‘۔
ادھر ہریانہ کے بھیوانی ضلع کے توشام اسمبلی حلقہ کے ڈاڈم میں کان کنی کے کام کے دوران پہاڑمیں شگاف پڑنے سے کئی گاڑیوں اور وہاں کام کرنے والے لوگوں کے دب جانے کا خدشہ ہے۔ضلع انتظامیہ نے راحت اور بچاؤکا  کام شروع کر دیا ہے۔ اب تک ۴؍افراد کی لاش برآمد ہونے کے علاوہ تین افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ نکالے جانے والوں میں سے دو کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملبے میں پانچ سے دس افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ لیکن اس حوالے سے کوئی واضح اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔ حادثہ صبح ۸؍بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب کان کنی کے کام کے دوران پہاڑ کے ایک بڑے حصے میں اچانک شگاف پڑ گیا جس سے وہاں کھڑی کئی فورک لینڈ مشینیں اور ڈمپر دب گئے۔پولیس نے جائے وقوعہ پر  میڈیا  اور عام لوگوں کے  جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ اس حوالے سے کانکن ڈاڈم کریشر ایسوسی ایشن کے صدر ماسٹر ستبیر رتیرا نے بتایا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت کوئی کان کنی نہیں ہو رہی تھی۔ کان کنی کا علاقہ دونوں اطراف سے جنگلات سے گھرا ہوا ہے۔ پہاڑی جنگلاتی علاقے کی جانب سے  اب تک پانچ گاڑیوں کے ملبے میں دبے ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
وہیں نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق تملناڈو کے ویرودھو نگر ضلع میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں زبردست آگ لگ گئی اس حادثہ میں اب تک تین لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبریں آئی ہیں، وہیں پانچ دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ حادثہ بھی صبح آٹھ بجے رونما ہوا، لیکن پولس اور فائربریگیڈ کو اس کی ۹ بجے اطلاع دی گئی جس کے بعد موقع پر ریسیکو آپریشن چلایا گیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر