Latest News

ہم انڈین نیشنلزم اور مودی ہندونیشنلزم کی بات کرتے ہیں، دھرم سنسد کے لئے وزیر داخلہ اور اتراکھنڈ حکومت ذمہ دار،بہٹ میں انتخابی جلسہ میں اسد الدین اویسی نے آزادی میں تحریک ریشمی رومال اور علماءکی قربانیوں کا کیا ذکر، حضرت جی رائے پوری کی خانقاہ میں دی حاضری۔

ہم انڈین نیشنلزم اور مودی ہندونیشنلزم کی بات کرتے ہیں، دھرم سنسد کے لئے وزیر داخلہ اور اتراکھنڈ حکومت ذمہ دار،بہٹ میں انتخابی جلسہ میں اسد الدین اویسی نے آزادی میں تحریک ریشمی رومال اور علماءکی قربانیوں کا کیا ذکر، حضرت جی رائے پوری کی خانقاہ میں دی حاضری۔
سہارنپور: (سمیر چودھری)
سہارنپور کے قصبہ بہٹ میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے کہاکہ ہم انڈین نیشنلزم کی بات کرتے ہیں لیکن وہ ہندو ازم کی بات کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ دھرم سنسد کے نام پر مسلمانوں کے قتل کی کھلی دھمکی دی جاتی ہے لیکن حکومت خاموشی رہتی ہے، جس سے صاف ہوجاتاہے کہ ان بیان بیازی کرنے عناصر کو حکومت کی شہ حاصل ہے ۔
آج دوپہر بہٹ کے عیدگاہ میدان میں کارکنان اور عوام کے جم غفیر کو خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے سرزمین ضلع سہارنپور کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہی وہ خطہ ہے جہاں سے ملک کی آزادی کی تحریک چلائی گئی تھی، ان علماءکرام نے ہمیشہ انڈین نیشنلزم کو مضبوط کرنے کی بات کی ہے اور اسی کو ہم آگے بڑھارہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ہمارے اکابرین نے مذہب کے نام پر بننے والے ملک پاکستان کو مسترد کردیا تھااور ہندوستان کی جمہوریت کو ترجیح دی تھی لیکن آج منظم سازش کے تحت ہندوستان کے مسلمانوں کو مشکوک بنا دیاگیا اور دھرم سنسد کرکے انہیں کھلی عام قتل و غارت گری کی دھمکیا دیی جاتی ہیں اور ایسے فرقہ پرستوں اور ملک مخالف عناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے ہریدوار کی دھرم سنسد کو لیکر وزیر داخلہ امت شاہ اور اتراکھنڈ کے حکومت کو راست طورپر ذمہ دار ٹھہرایا اور کہاکہ ان شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی نہ ہونا ثابت کرتاہے کہ انہیں وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ کی سرپرستی حاصل ہے۔ اسد الدین اویسی نے کہاکہ ہم ان دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں بلکہ ہم ملک کی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے لڑتے رہے گیں، انہوں نے کہاکہ ہم انڈین نیشنلزم کی بات کرتے ہیں لیکن وزیر اعظم مودی ہندو نیشنلزم کی بات کرتے ہیں،جس سے اس حکومت کا ایجنڈہ صاف ہوجاتاہے۔ اویسی نے کہاکہ ہمارے اکابرین علماءنے اس ملک کی آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں ،انہوں نے تحریک ریشمی رومال کا بطور خاص ذکر کیا اور لوگوں سے اپیل کی وہ اکابرین علماءکی تحریک کو مضبوط کریں اور ملک کی اتحاد و سالمیت، بھائی چارے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے لئے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔اسد الدین اویسی نے مسلمانوں سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی،کانگریس اور بی ایس پی پر نشانہ سادھا او ر کہاکہ انہوں نے مسلمانوںکو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیاہے، انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بھی سے بدتر ہوگئی ہے، لیکن میں بلاتفریق سبھی دبے کچلے طبقات کی لڑائی لڑتارہونگا، انہوں نے متحد ہوکر اس مرتبہ مجلس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
 دو بجے بہٹ پہنچے اسد الدین نے قریب گھنٹہ بھر جلسہ عام سے خطاب کیا، جلسہ میں لوگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا،اس دوران پولیس اور خفیہ محکمہ بھی مستعد نظر آیا ۔واضح رہے کہ یوپی اسمبلی انتخابات کے مدنظر اسد الدین مسلسل یوپی کے مختلف شہروں میںسیاسی جلسے کررہے ہیں، دو ماہ کے اندر سہارنپور میں ان کا یہ دوسرا جلسہ ہے،اویسی نے یوپی میں ایکسو سیٹوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیاہواہے۔ بعد ازیں اسد الدین اویسی نے رائے پور پہنچ رائے پور والے حضرت جی کی خانقاہ میں حاضرین دی اور دعائیں لی۔ 
DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر