Latest News

علاقے کی ممتاز شخصیت اور جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپورہ کے مہتمم مولانا محمد اختر کا انتقال، علمی حلقوں کی فضا مغموم۔

علاقے کی ممتاز شخصیت اور جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپورہ کے مہتمم مولانا محمد اختر کا انتقال، علمی حلقوں کی فضا مغموم۔
سہارنپور: علاقے کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپورہ کے مہتمم اور جمعیت علمائے ہند کے سابق ضلع صدر و ممتاز عالم دین مولانا محمد اختر کا آج علالت کے باعث تقریبا 81 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔ ان کے انتقال کی خبر سے علمی، ملی اور سماجی حلقوں کی فضا مغموم ہو گئی۔ مرحوم کے انتقال کی خبر ملتے ہی کثیرتعداد میں ارباب مدارس اور اہل علاقہ نے مرحوم کی رہائشگاہ پر پہنچ کر رنج و الم کا اظہار کیا۔ مرحوم کے انتقال سے نصف صدی پر محیط انکی تدریسی، علمی اور ملی خدمات کا باب بند ہوگیا ہے۔
جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپورہ کے استاد مولانا مکرم نے بتایا کہ مولانا گزشتہ تقریبا دو ماہ سے علیل تھے اور سہارنپور و روڑکی وغیرہ کے ماہر معالجین کی زیر نگرانی ان کا علاج چل رہا تھا، لیکن قابل ذکر افا قہ نہیں ہوا اور ہفتہ کی دوپہر بارہ بجے اپنی رہائش گاہ ریڑھی میں مولانا نے آخری سانس لی۔ ان کے انتقال سے جامعہ اسلامیہ سمیت علاقے کے مدارس اور عوام میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو لڑکیاں اور پانچ لڑکے ہیں۔ نماز جنازہ بعد نماز عشاء جامعہ اسلامیہ ریڑھی میں ادا کی جائے گی، بعد ازیں وہیں تدفین عمل میں آئے گی۔

مولانا اختر مرحوم علاقے کی ممتاز شخصیت تھیں، مرحوم گزشتہ پچاس سالوں سے جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپورہ میں تدریسی خدمات انجام دے رہے تھے اور 45 سال تک انہوں نے جامعہ کے اہتمام کے فرائض منصبی انجام دئیے۔ اُنکے دور میں جامعہ اسلامیہ نے خوب تعلیمی اور تعمیری ترقی کی ہے۔ مرحوم جمعۃ علماء ہند سے بھی طویل وقت سے منسلک تھے اور ضلع صدر سمیت کئی عہدوں پر رہے ہیں۔ مرحوم کا شمار علاقے کے ممتازو معتبر علماء میں ہوتا تھا اور وہ درجنوں مدارس کی سر پرستی اور رہنمائی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
ان کے انتقال پر جمعیت علمائے ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی، آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر مولانا عبداللہ مغیثی، ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی، دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی سمیت نامور علماء کرام اور علاقے کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے انتقال کو بڑا علمی اور ملی خسارہ قرار دیا اور تعزیت مسنونہ پیش کی۔

سمیر چودھری۔
DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر