Latest News

یہ یرقانی دلال۔۔۔۔ اتواریہ: شکیل رشید

یہ یرقانی دلال۔۔۔۔ اتواریہ: شکیل رشید
کسی بھی شخص کےلیے کوئی ایسا لفظ یا جملہ لکھنا، جس سے اس کی تضحیک ہو، اخلاق سےگری ہوئی حرکت ہے، اور میں پوری کوشش کرتا ہوں کہ ایسی کوئی حرکت مجھ سے سرزد نہ ہو۔ لیکن انہیں،جو بغیر کسی خوف اور ڈر کے، بغیر کسی جھجھک اور شرم کے شریف خواتین کی تضحیک کرتے چلے آرہے ہیں، اور اس عمل پر کسی بھی طرح سے نادم ہونے کےلیے تیار نہیں ہیں، بلکہ اس پر ’گرو‘ کرتے ہیں ،میں ’یرقانی دلال‘ کا نام دینے پر مجبور ہوں۔ یہ نفرت کے دلال ہیں، یہ فرقہ پرستی اور عصبیت کے دلال ہیں، یہ لوگوں کی عزتوں سے کھلواڑ کرنے کے دلال ہیں۔ یہ ملک کی مائوں اور بہنوں کو جن میں ان کی اپنی مائیں اور بہنیں بھی شامل ہیں، ذلیل کرنے کےلیے اپنے آقائوں کی مرضی کے سامنے چت ہوجاتے اور شرم وغیرت کو پی جاتے ہیں۔ اس لیے یہ بے شرمی او ربے غیرتی کے بھی دلال ہیں۔ یہ جویرقانی رنگ ہے، یہ رنگ ہی انہیں نفرت کے کاروبار پر آمادہ کرتا ہے اور یہ لوگوں کی عزتیں اچھالتے پھرتے ہیں۔ 
’سلی ڈیل‘ کے بعد ’بلی بائی‘ کے نام سے جو ایپ آیا ہے، اس نے بہت سارے چہروں کو بے نقاب کردیا ہے، تعلیم یافتہ چہروں کو۔ اب تک جو چار لوگ اس معاملے میں گرفتار ہوئے ہیں ، وشال، مینک ،شویتااورنیرج بشنوئی یہ چاروں ہی نوجوان ہیں، اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، لیکن ان کے دل ودماغ میں مسلم دشمنی کوٹ کوٹ کر بھردی گئی ہے۔ یہ یرقان زدہ نوجوان صرف چار نہیں ہیں یہ چار سو بھی ہوسکتے ہیں۔ اور چار ہزار بھی اور چار لاکھ بھی ہوسکتے ہیں۔ مودی سرکار نے، یوگی سرکار نے او رملک میں نفرت پھیلانے والے ’یرقانیوں‘ نے ان نوجوانوں کے ذہنوں کو اپنے جراثیم سے آلودہ کردیا ہے۔ یہ جو جراثیم ہیں، نفرت، منافرت اور تعصب کے یہ کووڈ ۱۹ کے وائرس سے کہیں زیادہ خطرناک ہیں۔ یہ وہ جراثیم ہیں جو ’نسل کشی‘ پر اُکساتے ہیں۔ جو ملک کے دیگر شہریوں سے معاملات اور کاروبار منقطع کرنے یا ’حقہ پانی بند کرنے‘ پر لوگو ںکو آمادہ کرتے ہیں۔ اُکسانے والوں میں وہ سادھو، سنت اور سوامی اور سادھوی پیش پیش ہیں جو مسلمانوں کی نسل کشی کے اعلان کو جائز قرار دے رہے ہیں۔ یہ لوگ ’عیش وآرام‘ کی زندگی اور ’دولت‘ کے لیے ہرطرح کی ’دلالی‘ کرسکتے ہیں۔ انسانی جانوں کی ’دلالی‘ بھی۔ ہم سب کو ان کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی، وہ خواتین جن کی تضحیک کی کوشش کی گئی ہے ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ ورنہ کل کو کوئی اور ایپ بنے گا جس میں ’یرقانی دلال‘ ان خواتین کی بولی لگا رہے ہوں گے جو ہمارے اپنے گھر کی یا پڑوس کی ہوسکتی ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر