Latest News

پاکستان کے سیاحتی مرکز ’مری‘ میں دردناک حادثہ، شدید برفباری میں 22 افراد ہوئے زندہ دفن۔علاقے میں ایمرجنسی نافذ، فوج طلب۔

پاکستان کے سیاحتی مرکز ’مری‘ میں دردناک حادثہ، شدید برفباری میں 22 افراد ہوئے زندہ دفن۔علاقے میں ایمرجنسی نافذ، فوج طلب۔
زبردست طوفان کے باعث ہزاروں گاڑیاں سڑک پر پھنس گئیں، علاقے میں ایمرجنسی نافذ، ملکہ کوہسار کو آفت زدہ قرار دے دیاگیا ، شہریوں سے بالائی علاقوں میں نہ جانے کی اپیل، برف ہٹانے کےلیے سڑکوں پر نمک پاشی، 
اسلام آباد: پڑوسی ملک پاکستان کے سیاحتی مقام مری میں برفباری اور شدید ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں میں پھنس کر جاں بحق ہونے والوں کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔مری میں گزشتہ روز ہونے والی شدید برفباری اور طوفان کے باعث ہزاروں گاڑیاں سڑک پر پھنس گئی تھیں اور کئی افراد گاڑیوں میں ہی دم توڑ گئے۔پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی مری میں گاڑیوں میں پھنس کر اب تک 22 اموات کی تصدیق کی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مری میں ایف سی اور رینجرز کو بھی امدادی کارروائیوں کے لیے طلب کر لیا گیا ہے، اس کے علاوہ پاک فوج کے دستے بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔فی الحال مری میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ملکہ کوہسار کو آفت زدہ بھی قرار دے دیا گیا ہے۔اب ریسکیو حکام نے مری میں انتقال کرنے والوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق انتقال کرنے والوں میں گوجرانوالہ کے ۳۱ سال کے اشفاق ولد یونس شامل ہیں۔اس کے علاوہ انتقال کرنے والوں میں لاہور کے۳۱سال کے معروف ولد اشرف بھی شامل ہیں جبکہ گاڑی میں انتقال کرنے والے ایک شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ انتقال کرنے والوں میں اسلام آباد کا اے ایس آئی نوید اقبال، ان کی اہلیہ،چاربیٹیاں اور دو بیٹے بھی شامل ہیں جبکہ انتقال کرنے والوں میں ۴۶سال کے محمد شہزاد ولد اسماعیل بھی شامل ہیں اور ۳۵سال کی مسز شہزاد عمران اور ان کے دوبچے بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق انتقال کرنے والوں میں ۲۱سال کے محمد بلال ولد غفار بھی شامل ہیں جبکہ ۲۴سال کے محمد بلال حسین ولد سیدغوث بھی انتقال کرنے والوں میں شامل ہیں۔
مری میں اس سال ہونے والی برفباری کو ۱۰سالوں کی شدید برفباری قرار دیا جا رہا ہے اور اس دوران ہونے والی اموات کو مری کی تاریخ کا سب سے المناک واقعہ بتایا جا رہا ہے۔مری اور گلیات میں سڑکوں پر جمی برف کو ہٹانے کے لیے نمک پاشی کی جا رہی ہے تاکہ برف پگھلے تو سڑکیں کھولی جا سکیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ لاکھوں گاڑیاں مری اور دیگر بالائی علاقوں کی جانب جا رہی ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو سہولیات پہنچانا ناممکن ہے، جن لوگوں نے بالائی علاقوں کی سیر کا پلان بنایا ہے ان سے درخواست ہے کہ اپنے پلان کچھ روز کے لیے مؤخر کر دیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر