دیوبند سے بیٹی کو اغوا کرکے لکھیم پور کھیری لے جاکر کی گئی اجتماعی عصمت دری، والد کی تحریر پر مقدمہ درج۔
دیوبند کوتوالی علاقہ کے ایک باشندہ نے شہر کے چار لوگوں پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اس کی بیٹی کو خوف زدہ کرکے اس کی اجتماعی عصمت دری کی ہے۔ پولیس نے عدالت کے حکم پر ملزمان کے خلاف معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی ہے۔
متاثرہ شخص نے بتایا کہ دو ماہ قبل اس کی بیٹی کا اغوا کرکے چار لوگ اپنے ساتھ لکھیم پور کھیری لے گئے تھے جہاں اسے ایک مقامی باشندہ عبد المعین کے گھر پر رکھا گیا اور اس دوران چار ملزمان نے اس کی اجتماعی عصمت دری کی۔متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ چار ملزمان کچھ دنوں کے بعد اس کی بیٹی کو دیوبند لے آئے اور اسے محلہ کے ایک مکان میں یرغمال بناکر رکھا اور یہاں بھی اسکی عصمت سے کھلواڑ کرتے رہے۔
شکایت کنندہ شخص کا کہنا ہے کہ گزشتہ 30نومبر کو اس کی بیٹی کسی طرح ملزمان کی گرفت سے نکل آئی اور گھر آکر اس نے پوری داستان بیان کردی جس کے بعد وہ اپنی بیٹی کو لیکر پولیس کے پاس پہنچا لیکن اس کی فریاد نہیں سنی گئی ۔متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ آخر پریشان ہوکر وہ انصاف کےلئے عدالت پہنچ گیا ۔اس شخص کا کہنا ہے کہ آج بھی اس کی بیٹی کا علاج چل رہا ہے جبکہ ملزمان بے خوف گھوم رہے ہیں۔
کوتوالی انچارج پربھاکر کینتورا نے بتایا کہ عدالت کے احکامات کے بعد پورے معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے۔جانچ مکمل ہونے کے بعد کار روائی کی جائے گی۔
0 Comments