داعی اسلام حضرت مولانا کلیم صدیقی کے رفیق خاص اور مبلغ سید اسلم کاظمی کا انتقال۔
دیوبند: داعی اسلام حضرت مولانا کلیم صدیقی کے رفیق خاص اور دیوبند کے معروف مبلغ اسلام سید اسلم کاظمی الحسینی (بمعروف اسلم عطر والے) کا گذشتہ دیر شب انتقال ہو گیا، اُنکے اِنتقال کی خبر سے علماء،طلبہ اور شہر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
سید اسلم کاظمی کی عمر تقریباً 60 سال تھی اور وہ پچھلے 40 سالوں سے خاموشی سے دین کی دعوت اور تبلیغ کا کام انجام دے رہے تھے۔ سید اسلم کاظمی علاقہ میں داعی اسلام کے نام سے مشہور تھے اور ہمہ وقت اُنکی کی رہائش گاہ محلہ دیوان (متصل صدر گیٹ) پر علماء، طلبہ اور عوام کی آمد و رفت رہتی تھی۔
سیداسلم قاسمی نیک صالح حلیم الطبع۔ ستودہ صفات۔صاف گو۔ خندہ دہن ۔معمولات کے پابند اور نیک طبیعت کے مالک تھے۔ پاکیزہ خوشبو کے مالک اور ایک اچھے دل پسند کاروبار سے منسلک تھے۔ تعلیم قرآن۔ اشاعت تبلیغ۔ اصلاح معاشرہ اتباع شریعت واہتمام سنت جیسی سرگرمیوں میں خاموشی سے مصروف عمل رہے اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ سلسلہ سادات سے تعلق تھا۔ طلبہ دارالعلوم دیوبند کے درمیان بھی بے حد محبوب تھے۔
ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی بڑی تعداد میں علمائے کرام اور شہر کے معززین نے ان کی رہائش گاہ محلہ دیوان پہنچ کر تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے غم کا اظہار کیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ ظہر احاطہ مولسری دارالعلوم دیوبند میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم داعی اسلام حضرت مولانا کلیم صدیقی کے رفیق خاص تھے اور مولانا کلیم صدیقی سمیت ملک ممتاز اکابر علماء کی مرحوم کی رہائشگاہ پر آمدو رفت رہتی تھی۔ مرحوم سید اسلم کاظمی نے اپنی پوری زندگی نہایت خاموشی کے ساتھ خدمت دین اور تبلیغ میں گزاری ہے، آپ کا تعلق کسی مدرسہ یا تنظیم سے نہیں تھا۔ لیکن اپنے قائم کردہ ادارہ ارقم کے ذریعے خاموشی سے ایک عرصہ تک دین کی خدمت کرتے رہے ہیں۔ مرحوم کی مجلس میں ہمیشہ قرآن و حدیث اور تبلیغ دین کی گفتگو ہوتی تھی۔ سید اسلم کاظمی بزرگوں کے مشن کو خاموشی کے ساتھ اپنی سطح پر آگے بڑھا رہے تھے۔
سمیر چودھری
0 Comments