Latest News

بارش اور برف باری سے درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ، بار ش کے سبب سڑکوں اور راستوں پر کیچڑ ہونے کی وجہ سے آمدو رفت میں سخت پریشانی۔

بارش اور برف باری سے درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ، بار ش کے سبب سڑکوں اور راستوں پر کیچڑ ہونے کی وجہ سے آمدو رفت میں سخت پریشانی۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
پہاڑوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں گزشتہ رات سے ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں بہت زیادہ گراوٹ آگئی ہے۔اس کے علاوہ بارش ہونے کے ساتھ ساتھ بجلی سپلائی بھی متاثر ہورہی ہے اور سڑکوں و گلیوں میں کیچڑ ہوجانے کی وجہ سے آمد ورفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔شدید بارش کے بعد درجہ حرارت میں اچانک 4ڈگری سیلسیس کمی آجانے سے خنکی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
رات کے بعد تقریباً پورے دن ہونے والی بارش کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں سے باہر نہیں آسکے ۔واضح ہو کہ ایک یوم قبل بھی موسم میں کافی تبدیلی آنی شروع ہوگئی تھی اور پورے دن بادل چھائے رہنے کے بعد دیر رات پوری گھن گرج کے ساتھ بارش شروع ہوئی جو سنیچر کے روز آدھے دن کے بعد تک بھی جاری رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر کے دوپہر تک 65ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث دیوبند کے محلہ بڑضیاو الحق ،دارالعلوم روڑ،دارالعلوم وقف،محلہ دیوان،محلہ شاہ جلال،روی داس مارگ،نیچل گڑھ،ریتی چوک اور ریلوے روڑ پر بھی جگہ جگہ پانی بھر جانے کی وجہ سے لوگوں کو آمد ورفت میں بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 
اس بارش کی وجہ سے گنے کاٹنے اور کھیتوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے گھاس وغیرہ کے کاٹنے میں بھی مشکل پیش آئی۔کسانوں کا کہنا ہے کہ کھیتوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے کئی دن تک گھاس وغیرہ نہیںکاٹی جاسکے گی جس کی وجہ سے کسانوں کے سامنے مویشیوں کو چارہ کھلانے کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔سبزی اگانے والے کسان کالو رام ،عادل اور امریش وغیرہ نے بتایا کہ ٹماٹر اور دوسری سبزیوں کی فصلوں کو اس بارش سے نقصان پہنچا ہے۔اس کے علاوہ سرسوں کی فصل کے بھی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر