Latest News

پہلے کی حکومت دہشت گردوں کو تحفظ دیتی تھی، ہم اے ٹی ایس سینٹر قائم کر کے ان کی کمر توڑ رہے ہیں، دیوبند میں اے ٹی ایس کمانڈوں سینٹر کے سنگ بنیاد کے موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ۔

پہلے کی حکومت دہشت گردوں کو تحفظ دیتی تھی، ہم اے ٹی ایس سینٹر قائم کر کے ان کی کمر توڑ رہے ہیں، دیوبند میں اے ٹی ایس کمانڈوں سینٹر کے سنگ بنیاد کے موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
دیوبند میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کمانڈو ٹریننگ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپوزیشن پر نشانہ سادھا اور کہا کہ پہلے کی حکومتوں نے دہشت گردوں کو تحفظ دیا ،ان کے مقدمے واپس لئے ،انہیں اعزاز دیا لیکن ہماری حکومت دہشت گردوںکو ٹھوکنے کے لئے اے ٹی ایس سینٹر کا قیام کررہی ہے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کے روز دیوبند میں اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا، اس دوران انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کاخاتمہ کرنے کے لیے یہ سینٹر قائم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیموں کا فائدہ سب کو ملنا چاہیے، لیکن تحفظ سے کھلواڑ کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر دیوبند اور سہارنپور کے لیے نہیں بلکہ پورے مغربی اتر پردیش کی سیکوریٹی کے لیے قائم کیا جا رہا ہے جہاں 56 کمانڈوز ہر وقت تعینات رہیں گے۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ دوپہر پونے تین بجے دیوبند پہنچے، اس دوران انہوں نے مظفر نگر ہائی وے پر واقع جلسہ گاہ سے بٹن دباکر اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر اور 150 کروڑ سے زیادہ کے دیگر پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔
اس دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے رام مندر اور فسادات کو لیکر سماجوادی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جس پیسہ کی پہلے بندر بانٹ ہوتی تھی آج وہی پیسہ ریاست کے ترقیاتی کاموں میں خرچ ہو رہا ہے۔ انہوں نے سہارنپور میں واقع میڈیکل کالج کا نام کانشی رام میڈیکل کالج سے شیخ الہند میڈیکل کالج کئے جانے پر بھی سماج وادی حکومت پر طنز کیا اور کہا کہ جو لوگ رام بھکتوں پر گولی چلاتے تھے آج وہ بھی رام مندر بنانے کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے کی حکومتیں فسادیوں کو عزت دیتی تھیں، آج کی حکومت فسادیوں کے خلاف ایسی کارروائی کر رہی ہے کہ ان کی سات نسلیں بھی اس کی تلافی نہیں کر سکیں گی۔ پچھلی حکومت بابا صاحب کی توہین کا کام کر رہی تھی، ہماری حکومت نے بابا صاحب کو عزت دی، وزیر اعظم مودی نے بابا صاحب کے پانچ مقامات کو پنچ تیرتھ کے طور پر ترقی دینے کا کام کیا۔بیٹیوں کی حفاظت کے لیے خطرہ بننے والے جانتے ہیں کہ اب اگر انہوں نے بیٹیوںکو چھیڑنے یا ڈرانے کی کوشش کی تو اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گا۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہم سب کا وکاس کی پالیسی پر کام کر رہے ہیں، سب کو سرکاری اسکیموں کا فائدہ بلا تفریق ملنا چاہیے، لیکن ملک اور عوام کی حفاظت کے ساتھ کھلواڑ کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا، ملک اور تمام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے یہ اے ٹی ایس کمانڈو سنٹر دیوبند میں قائم کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی تقریر کے دوران سہارنپور کی تعریف کی اور حال ہی میں سہارنپور میں قائم ہونے والی یونیورسٹی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی حکومت کی تعریف کی اور اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ہم نے سہارنپور اور لکھنو ¿ کو ایک جیسا سمجھا ہے،لیکن پہلی حکومتوں نے سوتیلہ سلوک کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیرانہ سے نقلی مکانی کرانے والے آج سبزی بیچ رہے ہیں۔اکھلیش یادو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ببووابھی آج رام مندر کی تعمیر کی بات کرتے ہیں اور ان کے خواب میں بھگوان کرشنا آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپوزیشن ایسی رنگ بدلتی ہے کہ گرگٹ بھی شرماجائے۔ لیکن ہماری حکومت سبھی کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اے ٹی ایس اور ایس ٹی ایف کی بھی خوب تعریف کی اور کہا کہہ ہمارے دور میں ریاست میں ایک بھی فساد نہیں ہوا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے طلباءو طالبات کو ٹیبلیٹ اور اسمارٹ فون دیئے اور ان کی تعریف کی اور کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کے ایک کروڑ نوجوانوں کو ٹیبلیٹ اور اسمارٹ فون فراہم کرنے کا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اتر پردیش کے نوجوانوں کو اسمارٹ نوجوان بنا رہی ہے۔
سی ایم نے اپنے روایتی انداز میں اپنی تقریر کا آغاز بھارت ماتا کی جئے اور جئے شری رام کے نعروں سے کیا اور اپنی تقریر کے دوران اکھلیش یادو سماج وادی پارٹی اور رام مندر، آستھا جیسے الفاظ پر زور دیا، ساتھ ہی آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کئی منصوبوں کاافتتاح کیا،اپنی تقریباً 22 منٹ کی تقریر میں انہوں نے ممتاز و معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ خاص بات یہ ہے کہ دیوبند کو ضلع بنانے کی امید رکھنے والوں کو بھی وزیراعلیٰ نے مایوس کیا ہے۔وزیراعلیٰ کے دورے کے پیش نظر یہاں سکیوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور تمام شاہراہ پر فورس تعینات تھی، ڈرون کیمروں سمیت کئی اضلاع کے پولیس اہلکار اور اعلیٰ حکام، انٹیلی جنس اور تمام افسران بھی سکوریٹی نظام کو بہتر بنانے میں لگے ہوئے تھے۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر