Latest News

ثقافتی پروگراموں کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے، معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات میں منعقدہ تقافتی نمائش میں مولانا ندیم الواجدی کا اظہار خیال۔

ثقافتی پروگراموں کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے، معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات میں منعقدہ تقافتی نمائش میں مولانا ندیم الواجدی کا اظہار خیال۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
طالبات کی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے کے مقصد سے اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار معروف صاحب قلم و ماہنامہ ترجمان دیوبند کے مدیر مولانا ندیم الواجدی نے معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند کی طالبات کی جانب سے منعقدہ ثقافتی نمائش میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں سے متعلق پروگرام کا ہونا بہت ضروری اور انتہائی مفید ہے،اس کے ذریعہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور دوسروں کے سامنے ان کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے طالبات کی جانب سے پیش کئے گئے آرٹ، کرافٹ اور خطاطی کے نمونوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی کہ اس زمانے میں بھی طالبات کو خطاطی اور کیلیگرافی سے نا صرف یہ کہ دلچسپی ہے بلکہ انہوں نے اس کے بہترین نمونے پیش کئے ہیں۔انہوں نے طالبات کی جانب سے معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند کی بائیس سالہ تاریخ کو پیش کرنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پرنسپل معہد محترمہ عفت ندیم نے اپنے خطاب میں طالبات کے ذریعہ پیش کئے گئے مختلف پراجیکٹس کی تحسین کی، انہوں نے کہا کہ قابل مبارکباد ہیں وہ اساتذہ جن کی زیر تربیت آپ تعلیم حاصل کررہے ہیں اور جو آپ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے کی حتی الوسع کوشش کرتے رہتے ہیں،آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنے ان محسن اساتذہ سے مکمل استفادہ کریں ۔انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ محنت، جدوجہد اوراستقلال کے ذریعہ ہی کامیابی کی ضمانت مل سکتی ہے، اس لیے آپ ان چیزوں کو لازم پکڑلیں اور نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ شہری سطح پر بھی مقابلہ جاتی پروگرام کا انعقاد ہو دیوبند شہر پوری دنیا میں اسلامی تعلیم کی وجہ سے مقبول ہے ،باوجود اس کے یہاں دینی تعلیم پر مشتمل مقابلہ جاتی پروگراموں کا انعقاد نا کہ برابر ہوتا ہے میری خواہش ہے کہ دیوبند میں اس طرح کے پروگرام منعقد ہوں اور طلباءو طالبات اس سے مستفید ہوسکیں۔
دریں اثنا معہد کی طالبات نے سائنس تعلیمات پر مشتمل پراجیکٹ پیش کئے اور ماحولیات کے تحفظ پانی کی حفاظت اور بارش کے فوائد اور نقصانات کے علاوہ سائنس کی بہت سے بنیادی چیزوں کے سلسلے میں مہمانان کرام کو بیدار کیا، طالبات نے اسلامی تہذیب و ثقافت کو پیش کرنے والے نمونہ بھی پیش کئے، اسلامی تعلیمات کو چارٹ اور پروجیکٹ کے ذریعہ لوگوں کو سمجھایا، اس کے علاوہ آرٹ اور کرافٹ کے بھی بہت سے نمونہ پیش کئے قابل ذکر بات یہ ہے کہ طالبات نے معہد کی مکمل تاریخ، طالبات ومعہد کی حصولیابیوں اور فاضلات و طالبات کی دینی خدمات کو بھی لوگوں کے سامنے پیش کیا۔اس موقع پر معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات کی تمام معلمات اور شہر کی سینکڑوں خواتین موجود رہیں. اس موقع پر ناظم تعلیمات ثمرین عبدالحق اور ناظم دارلاقامہ ثنا شاہد نے تشریف لانے والے مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر