پی ایم مودی کو کالا جھنڈا دکھانے والی خاتون کو ماری گئی گولی، زخمی حالت میں اسپتال میں داخل۔
سلطان پور: یوپی کے سلطان پور میں وزیر اعظم کو کالا جھنڈا دکھانے والی خاتون ریتا یادو کو پیر کو نامعلوم بدمعاشوں نے گولی مار دی۔ تاہم اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے کہ وزیر اعظم کو کالا جھنڈا دکھانے اور گولی چلنے کے اس واقعہ میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
گولی اس کی ٹانگ میں لگی، جس کے بعد اسے زخمی حالت میں پہلے سی ایچ سی لمبھوا میں داخل کرایا گیا اور بعد میں بہتر علاج کے لیے سلطان پور ضلع اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ سرکل آفیسر لمبھوا ستیش چند شکلا نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ کا بیان ریکارڈ کیا۔
ریتا یادو نے میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ میں پوسٹر بینر بنوانے کے لیے سلطان پور گئی تھی، وہاں سے گھر جا رہی تھی، اسی دوران لمبھوا کے قریب تین لوگوں نے میری بولیرو کو اوور ٹیک کرتے ہوئے روکا اور گالیاں دیں۔ مارنے کی دھمکی بھی دی۔
"اُنہوں نے میرے ڈرائیور کے ماتھے پر پستول رکھا، جب میں نے اسے تھپڑ مارا تو اس نے مجھے گولی مار دی۔ گولی میری ٹانگ میں لگی اور تب تک بدمعاش فرار ہو گئے۔
16 نومبر کو، وزیر اعظم مودی پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کر رہے تھے اور ضلع کے کورے بھار میں واقع اروال کیری میں ایک میٹنگ کر رہے تھے، جب ریتا یادو نے انہیں کالا جھنڈا دکھایا۔ پولیس نے اسے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا اور دو دن بعد اس کی ضمانت ہو گئی۔
اس واقعے کے بعد وہ ایک ماہ تک سماج وادی پارٹی میں رہیں، لیکن عزت نہ ہونے کی وجہ سے وہ 17 دسمبر کو لکھنؤ میں کانگریس میں شامل ہوگئیں۔
0 Comments