Latest News

جانبدار میڈیا کے خلاف جلد سماعت کے لیے مولانا سید ارشد مدنی کی جانب سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل۔

جانبدار میڈیا کے خلاف جلد سماعت کے لیے مولانا سید ارشد مدنی کی جانب سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل۔
نئی دہلی : جھوٹ اور نفرت انگیزی کے سہارے مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور ہندوؤں ومسلمانوں کے درمیان منافرت پھیلانے کی دانستہ سازش کرنے والے ٹی وی چینلوں اور پرنٹ میڈیاکے خلاف مولانا ارشدمدنی صدرجمعیۃ علماء ہند کی ہدایت پر سپریم کورٹ میں داخل پٹیشن پرجلد از جلد سماعت کیئے جانے کے تعلق سے آج ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں ایک عرضداشت داخل کرتے ہوئے چیف جسٹس آف انڈیا سے اس اہم معاملے کی سماعت جلداز جلد کیئے جانے کی درخواست کی ہے۔

ایڈوکیٹ اعجاز مقبول کے ذریعہ داخل کیئے گئے درخواست میں درج ہیکہ 13 اپریل 2020 میں پٹیشن داخل ہونے کے بعد سے اس معاملے کی اب تک گیارہ سماعتیں ہوچکی ہیں جس کی آخری سماعت2 ستمبر 2021 میں ہوئی ہے اور عدالت کے حکم پر یونین آف انڈیا نے اپنا جواب داخل کردیا ہے ، اسی طرح براڈ کاسٹنگ آرگنائزیشن اور خبروں کو ریگولرائز کرنیوالے داروں نے بھی اپنا جواب داخل کردیا ہے ساتھ ہی ساتھ ملک کی مختلف ہائی کورٹ میں زیر سماعت عرضداشتوں کو بھی عدالت کے حکم پر یکجا کیا جاچکا ہے ۔عرضداشت میں مزید لکھا گیا ہیکہ یہ ایک اہم معاملہ ہے جو عوام سے براہ راست جڑا ہوا ہے اور عوام سے جڑے ہونے کی وجہ سے اس کی جلداز جلد سماعت ہونے سے انصاف ہوگا ۔عرضداشت میں مزید تحریر کیا گیا ہیکہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی الیکشن ہونے جارہے ہیں فیک نیوز اور نفرت پر مبنی نیوز چینلوں کی وجہ سے امن میں خلل پڑ سکتا ہے لہذا عدالت کو خصوصی حکم دے کر ایسی خبروں کو کنٹرول کرنا چاہئے جو فیک نیوز اور نفرت آمیز خبریں نشر کررہے ہیں لہذا موجودہ پٹیشن پر جلد از جلد سماعت ہونا وقت کا تقاضہ ہے۔
واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے داخل پٹیشن میں جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی مدعی ہیں۔جمعیۃ علماء کی پٹیشن داخل کرنے کے بعد سے ہی فیک نیوز دکھانے والے چینلوں پر لگا م کس گئی تھی اورسماعت کے دوران زی نیوز اور دیگر نیوز چینلوں نے تبلیغی جماعت کے تعلق سے دکھائی گئی خبروں پر معافی مانگی تھی۔واضح رہے کہ جمعیۃ کی طرف سے ان سماعتوں میں سینئر وکلاء دشینت دبے اور سنجے ہیگڑے پیش ہوتے رہے ہیں۔  

سمیر چودھری

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر