Latest News

جموں میں پناہ گزیں روہنگیا کے درمیان جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے گرم کپڑے اور دیگر امدادی اشیاء تقسیم۔

جموں میں پناہ گزیں روہنگیا کے درمیان جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے گرم کپڑے اور دیگر امدادی اشیاء تقسیم۔
نئی دہلی: جمعیۃعلماء ہند کے قومی صدرمولانا محمود مدنی کی ہدایت پرجموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں خیمہ میں رہ رہے روہنگیائی مہاجرین کے درمیان کمبل، جیکٹ، اسکول بیگس وغیرہ تقسیم کیے گئے۔ 
اس سلسلے میں مولانا حکیم الدین قاسمی جنر ل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی سربراہی میں ایک مرکزی وفد نے ان متاثرین کے احوال و کوائف سے آگاہی کے لیے جموں میں واقع ان کے خیموں کا دورہ کیا اور ان کے ساتھ انسانی ہمدردی کا اظہار کیا۔ جموں کی ناقابل برداشٹ ٹھنڈ میں میدان میں خیمہ بنا کر رہ رہے ان مظلوم ترین انسانوں کے درمیان 500کمبل،350جیکٹس اور ایک سو پچاس بچوں کے درمیان اسکولی بیگس اور بیوہ خواتین کے لیے علیحدہ اشیاء تقسیم کی گئیں۔ان کے درمیان چل رہے دینی ادارے کرایے کے خیموں میں چلتے ہیں، جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے علماء کے ساتھ علیحدہ میٹنگ کی اور مدرسوں کی خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے ان کے کرایے بھی ادا کیے۔جمعیۃ علماء ہند کے وفد کے اندازہ کے مطابق یہاں سترہ سو خاندان بستے ہیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے معصوم بچوں سے بات چیت بھی کی اور ذمہ داروں سے احوال بھی دریافت کیے، وہاں کی 27کمیٹیوں سے خصوصی میٹنگیں کیں۔اس موقع پر اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ روہنگیا انتہائی مظلوم قوم ہے، ان کی ایک بڑی تعداد ہمارے ملک میں رہتی ہے، وہ جب تک اس ملک میں ہیں، ان کی ہر طرح سے مدد ہماری دینی اور ملکی ذمہ دا ری بنتی ہے۔ہم انسان ہیں اور یہ انسان کا فطری احساس ہے کہ وہ بے گھروں کو سہار ا دے۔انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا محمود اسعد مدنی صاحب نے جمعیۃ کے احباب و دیگر سے اپیل کی ہے کہ وہ بلاتفریق مذہب متاثرہ افراد اورمظلوموں کی مددکو اپنی سرگرمیوں کا حصہ بنائیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں ان کے علاوہ مولانا غیور احمد قاسمی آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، مولانا اخلاق قاسمی دہلی،کشمیر سے مولانا حمید اللہ میر باندی پورہ، مولانامفتی عنایت اللہ امام و خطیب جامع مسجد جموں،مولانا طارق صدر تنظیم ائمہ مساجد جموں،مفتی سعید اللہ، مفتی اعجاز الحسن بانڈے، حافظ مسیح اللہ، ماسٹر عبدالقادر کشتوار شامل تھے۔

سمیر چودھری

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر