دارالعلوم دیوبند کے شعبہ اوقاف کے ناظم مولانا مرتضی کا اچانک انتقال، ادارہ کی فضا مغموم۔
دیوبند: عظیم دینی دانشگاہ دارالعلوم دیوبند کے شعبہ اوقاف کے ناظم مولانا محمد مرتضی کا حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب اپنے آبائی گاؤں میں انتقال ہوگیا ہے۔ مولانا کے اچانک انتقال کی خبر سے دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران، اساتذہ اور کارکنان نے گہرے رنج و الم کا اظہار کیا۔
موصول تفصیل کے مطابق مولانا مرتضیٰ قاسمی آج بروز اتوار کے روز بھی دفتر میں حاضر ہوئے تھے اور حسب معمول بعد عصر اپنے گاؤں بیلڑا زنار دار (متصل ناگل سہارنپور) روانہ ہوگئے تھے۔
مولانا کے متعلقین نے بتایا کچھ دنوں سے ضعف اور معمولی بیماریوں سے متاثر تھے، آج نماز عشاء کی تیاری کر رہے تھے کہ اسی دوران حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب اچانک انتقال ہوگیا، مولانا مرتضی کی عمر تقریبا 75 سال تھی اور وہ گزشتہ تیس سالوں سے دارالعلوم دیوبند کی خدمات انجام دے رہے تھے۔
مولانا مرتضیٰ قاسمی فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی رحمۃ اللہ علیہ کے معتمد خاص تھے اور ذمہ داران دارالعلوم کے بھی نہایت معتمد اور معتبر شخص تھے۔
انہوں نے دارالعلوم دیوبند سے قبل قریب پندرہ سال تک جامع مسجد کلاں سہارنپور کے منیجر کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دی ہیں۔ مرحوم نہایت سادہ مزاج، ملنسار، خوش اخلاق اور مشفق شخصیت کے مالک تھے۔
مولانا مرتضی کے انتقال کی خبر پر ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی، مفتی محمد راشد اعظمی سمیت ادارے کے جملہ اساتذہ اور کارکنان نے گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی۔ مرحوم کے اچانک انتقال پر مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی اور جامع مسجد سہارنپور کے منیجر مولانا فرید مظاہری سمیت نامور علماء وسماجی سیاسی رہنماؤں نے گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ نمازِ جنازہ پیر کے روز بعد نماز ظہر آبائی گاؤں میں ادا کی جائے گی۔
سمیر چودھری۔
0 Comments