Latest News

کانگریس کا ’ہاتھ ‘چھوڑ کر ’سائیکل ‘پر سوار ہوئے عمران مسعود، بھائی نعمان بی ایس پی میں شامل، عمران مسعود اور ان کے حامیوں پر مقدمہ قائم۔

کانگریس کا ’ہاتھ ‘چھوڑ کر ’سائیکل ‘پر سوار ہوئے عمران مسعود، بھائی نعمان بی ایس پی میں شامل، عمران مسعود اور ان کے حامیوں پر مقدمہ قائم۔
سہارنپور:(سمیر چودھری)
سہارنپور کی سیاست کے لئے پیر کا دن نہایت اہم رہاہے ،جہاں کانگریس کے قدر آور لیڈر عمران مسعود نے کانگریس کو الوداع کہہ سماجوادی پارٹی کی سائیکل کی سواری کرلی ہے وہیں ان کے بھائی اور گنگوہ کے سابق چیئرمین نعمان مسعود نے بھی آر ایل ڈی چھوڑ کر بہوجن سماج پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
عمران مسعود کے کانگریس چھوڑ کر سماجوادی پارٹی میں شمولیت کی قیاس آرائیاں گزشتہ کافی وقت ہورہی تھی اور وہ مسلسل یوپی میں بی جے پی کے مقابلہ کے لئے سماجوادی کو کانگریس سے مضبوط قرار دے رہے تھے، جس سے صاف ہوگیا تھا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل وہ سماجوادی پارٹی میں شامل ہوجائینگے اور اسی اندازہ کے مطابق آج باضابطہ طورپر عمران مسعود نے سہارنپور میں اپنی رہائش گاہ پر اپنے حامیوں کی میٹنگ بلاکر اس کاعلان کردیا۔ حالانکہ سماجوادی پارٹی کی جانب سے فی الحال باضابطہ طورپر عمران مسعود کو پارٹی کی رکنیت نہیں دی گئی ہے۔ لیکن گزشتہ دنوں لکھنو میں اکھلیش یادو سے ہوئی ان کی ملاقات کے بعد ہی انہوں نے آج10 جنوری کو اپنے حامیوں کی میٹنگ بلائی تھی، بتایا جارہاہے کہ آئندہ روز لکھنو میں پھر اکھلیش یادو سے ان کی ملاقات ہونی ہے، جہاں ان کی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا جائیگا۔ سیٹوں کی تقسیم کو لیکر پہلے سماجوادی پارٹی سے الگ راہ بنانے والے قاضی خاندان کے وارث عمران مسعود کا اب اکھلیش یادو سے کن شرائط پر معاہدہ طے ہواہے اس کی کوئی وضاحت ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔ عمران مسعود سے کانگریس چھوڑنے کی وجہ معلوم کرنے پر انہوں نے بتایاکہ کانگریس نے بہت عزت دی ہے لیکن اس وقت یوپی میں بی جے پی کو ہرانے کے لئے سماجوادی پارٹی متبادل ہے اسلئے ہم نے اکھلیش یادو کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ان کے الیکشن لڑنے کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کس سیٹ سے الیکشن لڑونگا ابھی یہ فائنل نہیں ہے لیکن ضلع کی سبھی ساتوں سیٹیں سماجوادی پارٹی کو جتانی ہے اسلئے ہی پارٹی کو جوائن کررہاہوں۔
غور طلب ہے کہ پی ایم مودی کے متعلق متنازعہ بیان دے کر قومی سطح پر سرخیاں حاصل کرنے والے عمران مسعود راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے کافی قریبی شمار کئے جاتے تھے۔ عمران مسعود کو کانگریس نے قومی سکریٹری اور دہلی کے انچارج جیسے عہدوں سے نوازا تھا، اتنا ہی نہیں بلکہ ضلع میں ان مرضی کے مطابق ہی ٹکٹوں کی تقسیم وغیرہ ہوتی تھی لیکن اب اچانک ان کے سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے سے ضلع کی سیاست میں ہلچل مچنا طے ہے۔ سماجوادی پارٹی سے ٹکٹ کی امیدیں لگاکر جدوجہد کرنے والے لیڈران کے لئے عمران مسعود کی انٹری گہرا جھٹکا ثابت ہوگی، اتنا ہی نہیں بلکہ ان کے کانگریس چھوڑنے سے ضلع اور علاقہ میں کانگریس کو بھی کافی نقصان ہوگا۔ 
عمران مسعود کی آج کی میٹنگ میں کثیر تعداد میں ان کے حامی پہنچے اور نعروں کے ساتھ عمران مسعود کے فیصلہ کا خیر مقدم کیاہے، میٹنگ میں کانگریس کے رکن اسمبلی مسعود اختر بھی موجود تھے جبکہ بہٹ سے کانگریس رکن اسمبلی نریش سینی اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے، جس سے صاف ہوگیاہے کہ مسعود اختر عمران مسعود کے ساتھ رہے گیں جبکہ نریش سینی کی راہ الگ ہوسکتی ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہی ہوگی کہ عمران مسعود کے پارٹی میں شمولیت کا اکھلیش یادو کب اعلان کرتے ہیں اور ضلع میں کس طرح ٹکٹوںکی تقسیم ہوگی اور سماجوادی پارٹی و عمران مسعود کو اس قدم سے کیا فائد ہ ہوگا اور دیگر امیدواروں کے درمیان اکھلیش یادو عمران مسعود کو کیسے ایڈجسٹ کرینگے۔
بھائی نعمان مسعود بی ایس پی میں شامل
ادھر گنگوہ کے سابق چیئرمین اور عمرا ن مسعود کے بھائی نعمان مسعود نے بھی آج راشٹریہ لوکدل چھوڑ کر بی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی ،حال ہی میں وہ کانگریس کو الوداع کہہ کر لوکدل میں شامل ہوئے تھے۔آج بی ایس پی کے قدر آور لیڈر شمس الدین راعین نے ان کی رہائش گاہ گنگوہ پہنچ کر انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی۔ بتایا جارہاہے وہ گنگوہ سے بی ایس پی کے امیدوار ہوسکتے ہیں۔
عمران مسعود اور حامیوںکے مقدمہ قائم 
عمران مسعود کی سہارنپور میں منعقد میٹنگ میں کافی تعداد میںجمع ہوئی حامیوں کی بھیڑ کے خلاف ضلع انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے کورونا گائیڈ لائن کے خلاف وزری کا مقدمہ درج کیاہے۔ ایس ایس پی سہارنپور کی ہدایت پر قطب شیر پر یہ مقدمہ قائم کرایا گیاہے، ایس پی سٹی راجیش کمار نے بتایاکہ عمران مسعود نے بغیر اجازت کے اپنے حامیوں کی میٹنگ بلائی تھی، ضلع میںضابطہ اخلاق نافذ ہے ،جس کے خلاف وزری کی گئی ہے، اتنا ہی نہیں کورونا گائیڈ لائن پر بھی عمل نہیں کیا گیاہے۔اس معاملہ میں تھانہ قطب شیر میں عمران مسعود اور ان کے تین سو حامیوں کے خلاف مقدمہ قائم کیاگیاہے۔
فوٹو: عمران مسعود حامیوں کے ساتھ

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر