عثمان خواجہ کو جشن میں شامل کرنے کے لئے آسٹریلیائی کپتان نے ٹیم کو شراب پینے سے روکا، سوشل میڈیا پر ہورہی جم کر تعریف۔
سڈنی: آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے مسلمان ساتھی کرکٹر عثمان خواجہ کو جیت کی خوشی میں شامل کرنے کی خاطر شراب کا جشن رکوا دیا۔ گزشتہ روز آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز 4 صفر سے اپنے نام کی تھی۔ سیریز کی جیت کی خوشی میں آسٹریلین ٹیم کی جانب سے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب آسٹریلین ٹیم ٹرافی کے ہمراہ شراب کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئی تو کپتان پیٹ کمنز نے محسوس کیا کہ ٹیم فوٹو سیشن میں ان کے مسلمان ساتھی کرکٹر عثمان خواجہ موجود نہیں ہیں۔
پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کو بلایا اور تمام ساتھی کرکٹرز سے شراب کے ساتھ جشن تھوڑی دیر کے لیے روکنے کا کہا جس پر آسٹریلوی کرکٹرز نے شراب کی بوتلیں زمین پر رکھ دیں اور پھر عثمان خواجہ نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔
آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ عثمان خواجہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس معاملے پر عثمان خواجہ نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ عثمان نے کہا کہ ٹیم نے اپنا معمول کا شراب کا جشن چھوڑا تاکہ میں بھی خوشی میں ان کے ساتھ شامل ہو سکوں۔ عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کھیل کے دوران ہماری اقدار بہت اہم ہوتی ہیں اور مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم بالکل ٹھیک سمت میں جارہے ہیں۔
0 Comments