Latest News

بی جے پی کو اپنا نام ’بھارتیہ جھوٹ پارٹی‘ کرلینا چاہئے، 10 مارچ کو یوگی بابا کو گورکھپور بھیجنا ہے: سہارنپور میں اکھلیش یادو۔

بی جے پی کو اپنا نام ’بھارتیہ جھوٹ پارٹی‘ کرلینا چاہئے، 10 مارچ کو یوگی بابا کو گورکھپور بھیجنا ہے: سہارنپور میں اکھلیش یادو۔
سہارنپور: (سمیر چودھری)
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اترپردیش اکھلیش یادو سہارنپور پہنچے اور انہوں نے یہاں پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا اور کہاکہ بی جے پی لگاتار جھوٹ بول رہی ہے، اس کا جتنا بڑا لیڈر اتنا بڑا جھوٹ بول رہا ہے۔ بی جے پی کو اپنا نام بدل کر بھارتیہ جھوٹ پارٹی رکھ لیناچاہئے،لیکن اس مرتبہ اترپردیش سے بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت سماج وادی پارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قنوج میں فورنسنگ لیب کی تعمیر ساڑھے چار سال میں نہیں کرا پائے۔ ڈائل ہنڈریڈ کا سسٹم برباد کردیا ہے۔ نہو ں نے کہا کہ یوپی میں نظم ونسق کی بہتری کے لئے سماج وادی پارٹی حکومت پولیس فورس کی گاڑیوں میں اضافہ کرے گی۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ہماری حکومت نے نیویار ک میں جاکر پولیس کے افسران نے سمجھا تھا کہ پولیس کا رسپونس کیسا ہونا چاہئے لیکن اسے بی جے پی نے پوری طرح سے برباد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے امن وقانون کی بات کرتے ہیں مگر یوپی میں آئے دن قتل عام ہوتے رہتے ہیں،عصمت دری اور لوٹ مار کے واقعات میں بھی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے ہاتھرس عصمت دری کیس کا بطور خاص ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانو ں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،آج بی جے پی حکومت نے کسانوں اور نوجوانوں کو بے روزگاری کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اترپردیش میں ان کی حکومت قائم ہوتی ہے تو کسانوں کو ان کے حقوق اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرایا جائے گا۔ اکھلیش یادو نے سہارنپور کے عوام کو یقین دلایاکہ اگر سماج وادی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو ووڈ کرافٹ ڈیولپمنٹ ایکسپورٹ پرموشن فارم بناکر کاروباریوں، کاریگروں کی مدد کی جائے گی۔ سہارنپور میں چینی سے گنے تک کا اپنا ایک الگ مقام ہے، لکڑی کو لے کر اتنا بڑاکام اور ایکسپورٹ کہیں اور سے نہیں ہوتا ہوگا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ اگر ہماری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو شا ہ کمبری دیوی یونیورسٹی میں روزگار دینے والے کورس شروع کئے جائیں گے جس سے سہارنپور کے نوجوانوں کو روزگار ملے،میڈیکل کالج میں پی جی آئی والی تمام سہولیات مہیا کرائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سہارنپور سے لکھنؤ پانچ گھنٹے میں پہنچنے کے لئے ہائی وے تعمیر کرائے جائیں گے، سہارنپور کی ترقی کے لئے الگ سے اسپیشل کچھ کیا جائے گا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ یوگی بابا نے سہارنپور کے میڈیکل کالج کا تمام اسٹاف گورکھپور بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سہارنپور میں کسی کو لیپ ٹاپ یا ٹیبلیٹ تک نہیں دیا کیوں کہ بابا خود ٹیبلیٹ چلانا نہیں جانتے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی جھانسہ دینے والی پارٹی ہے، یوگی بابا کو 10مارچ کو گورکھپور بھیجنے کا کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری حکومت قائم ہوتی ہے تو عوام کے لئے 300یونٹ بجلی مفت ہوگی، کھیتوں میں پانی دینے کے لئے کسانوں کو بجلی کا کوئی پیسہ دینا نہیں پڑے گا،پرانی پینشن بحال ہوں گی۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ میں یہاں آپ سے یہ اپیل کرنے آیا ہوں کہ یہ الیکشن تنہا یوپی کا الیکشن نہیں ہے، یہ الیکشن یوپی کے مستقبل کا الیکشن ہے۔اس دوران سماجوادی پارٹی کے لیڈران موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر