Latest News

یوپی میں تیسرے مرحلے کے تحت آج 59 سیٹوں پر ووٹنگ، 13 سیٹیں حساس، اکھلیش یادو کی قسمت کا فیصلہ بھی ای وی ایم میں ہوگا بند۔

یوپی میں تیسرے مرحلے کے تحت آج 59 سیٹوں پر ووٹنگ، 13 سیٹیں حساس، اکھلیش یادو کی قسمت کا فیصلہ بھی ای وی ایم میں ہوگا بند۔
لکھنو : اترپردیش اسمبلی انتخابات میں ریاست کے 16 اضلاع کی 59 اسمبلی سیٹوں پر تیسرے مرحلے کے لیے اتوار کوووٹ ڈالے جائیں گے۔ تیسرے مرحلے میں ریاست کے 16 اضلاع کے 59 اسمبلی حلقوں میں مین پوری ضلع کی کرہل اسمبلی سیٹ بھی شامل ہے، جہاں حکمراں بی جے پی نے مرکزی وزیر پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل اور اہم اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو آمنے سامنے ہیں۔تیسرے مرحلے میں مین پوری ضلع کے ساتھ ساتھ ہاتھرس، فیروز آباد، ایٹا، کاس گنج، فرخ آباد، قنوج، اٹاوہ، اوریا، کانپور دیہات، کانپور نگر، جالون، جھانسی، ہمیر پور اور مہوبہ ،اورللت پور کے اسمبلی حلقوں میں کل 627 امیدواروں نے اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔ اکھلیش پہلی بار مین پوری ضلع کے کرہل علاقے سے اسمبلی انتخابات میں قسمت آزما رہے ہیں۔ سال 2017 میں بی جے پی کی لہر میں اس سیٹ پر ایس پی کے سبرن سنگھ یادو نے اپنی جیت برقرار رکھی تھی۔ مرکزی وزیر پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل کے اکھلیش کے خلاف بی جے پی امیدوار کے طور پر ابھرنے سے مقابلہ دلچسپ ہو گیا ہے۔ بگھیل پہلے ہی دعوی کر چکے ہیں کہ کسی بھی حلقے کوکسی کا گڑھ نہیں کہا جا سکتا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بگھیل کے لیے تشہیر کی ہے اور ایس پی کے بانی ملائم سنگھ یادو نے کرہل کے ووٹروں میں اپنے بیٹے اکھلیش یادو کے لیے تشہیر کی ہے۔ووٹنگ صبح 7 بجے سے شروع ہوگی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ تیسرے مرحلے میں دو کروڑ 15 لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد مرد ووٹرز اور 99 لاکھ سے زائد خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ یوپی کے اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر پرشانت کمار نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں 16 اضلاع کی 59 اسمبلیوں میں سے 13 سیٹیں حساس ہیں۔پرشانت کمار کے مطابق تیسرے مرحلے میں قنوج، شکوہ آباد، فیروز آباد، مین پوری، بھوگاؤں، کشنی، کرہل، علی گنج، سعد آباد، آریہ نگر، سیس مئو، قدوائی نگر اور کانپور کینٹ اسمبلیاں حساس نشست ہیں۔ اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر پرشانت کمار کے مطابق اس مرحلے میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس دوران 170 گلابی بوتھ (خواتین کے بوتھ) بنائے گئے ہیں۔ یہی نہیں گلابی بوتھس پر 38 خواتین انسپکٹر/ سب انسپکٹر اور 339 خواتین کانسٹیبل/ ہیڈ کانسٹیبل تعینات کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ پولنگ اسٹیشن، اسٹرانگ رومز اور ای وی ایم کی حفاظت میں 866 کمپنی نیم فوجی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ اس دوران یوپی پولیس کے 5154 انسپکٹر/ سب انسپکٹر، 50597 کانسٹیبل/ ہیڈ کانسٹیبل مورچہ سنبھالیں گے۔ وہیں 39.2 کمپنی پی اے سی، 49905 ہوم گارڈز، 1330 پی آر ڈی جوان اور 10425 چوکیدار بھی الیکشن ڈیوٹی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ اے ڈی جی لاء اینڈ آرڈر پرشانت کمار کے مطابق شراب کی دکانیں ہفتے کی شام 5 بجے سے ان اضلاع میں پولنگ ختم ہونے تک بند رہیں گی ،جہاں تیسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 16 اضلاع کی سرحدیں بھی سیل کر دی گئی ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر