Latest News

تعارف کتب "حیات زاہد " : ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی۔

تعارف کتب "حیات زاہد " : ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی۔
اسلاف اور بزرگان دین کے حالات زندگی اور ان کی قوم وملت کے لئے مختلف جدو جہد و قربانیوں کی داستان کے مطالعے کی افادیت ہر عہد میں رہی ہے، کیوں کہ نئی نسلوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے لئے اکابرین کے تذکروں کو پڑھنے سے جو روشنی ورہنمائی ملتی ہے اس کا بدل نہیں۔
حیات زاہد رح بھی اس سلسلہ کے ایک عظیم عالم مجاہد، زاہد مبلغ اور مصلح کے مبارک و مقدس کارناموں کونسل نو تک پہنچانے کی بہترین کوشش ہے۔ مرتب کتاب مولانا عبدالخالق قاسمی الماجری نے جس لگن، محبت، خلوص اور جذبے سے کتاب کے لئے مواد کو جمع کرنے کی کوشش کی ہے وہ بلاشبہ قابل ستائش اور لائق مبارکباد ہے۔ نو جوان فاضل کے دل میں اپنے بزرگوں کے تئیں جو عقیدت و محبت رہی ہے اس کا بہترین اظہار ہے یہ کتاب۔ صاحب سوانح حضرت مولانا زاہد حسن صاحب قاسمی نوراللہ مرقدہ (1918ء-1988ء) کی حیات و خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ علماء کرام و مجاہدین ملک وملت سے ان کے روابط کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ صرف اس ادارہ سے تقریبا نصف صدی تک چمٹے رہے اور بڑی بڑی خدمات انجام دیں۔ 
مولانا زاہد کو تین عظیم نفوس قدسیہ سے نسبت خاص حاصل رہی ہے، ان بزگوں کی جھلک ان کی زندگی میں علماء کرام نے محسوس کی اوران سے بھی خوب فیض یاب ہوئے۔ ایک طرف جہاں انہیں شیخ الاسلام حضرت مدنی رح سے شرف تلمذ حاصل تھا وہیں وہ حضرت مولانا عبدالقادرراۓ پوری رح اور حضرت مولانا شیخ زکریا کاندھلوی رح کے بھی چہیتے رہے۔ مولانا زاہد رح نے جمعیۃ علماہند کی جو خدمات انجام دیں ہیں وہ تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ ان کی سیاسی اور سماجی اسی طرح اصلاحی خدمات کا دائرہ بھی کافی منور ہے۔ مولانا نے اس زمانے میں اپنے استاذ حضرت شیخ مدنی کے حکم پر اسمبلی کا انتخاب لڑا اور کامیاب ہوۓ جو زمانہ وطن کی آزادی کے لئے جدوجہد کا تھا۔ 
حیات زاہد کل 9 ابواب پر مشتمل ہے۔ پہلے باب میں خاندان اور نام ونسب، دوسرے میں تعلیم تعلم، تیسرے میں درس وتدریس، چوتھے میں تصوف، پانچویں میں کرامت الاولیاء حق، چھٹے باب میں مولانا کے خلفا ومجازین کا ذکر، ساتواں باب سیاسی خدمات، آٹھواں باب اقوال اکابرین امت کے بیان، نواں باب تحریک مدراس، دسواں باب منظوم کلام اور آخری حصہ میں اکابرعلما اور مولانا کے فیض یافتگان کے تاثرات شامل کیے گئے ہیں۔ کتاب کا یہ حصہ بھی کافی اہم ہے۔ درجنوں علماء کرام کی تحریرات کو مرتب موصوف نے یکجا کردیا ہے۔ خوبصورت طباعت سے مزین یہ کتاب مدرسہ اسلامیہ عربی کنزالعلوم،نڈولی ضلع سہارنپور یوپی، سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ رابطہ کانمبر 8126383057۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر