Latest News

ام المدارس دارالعلوم دیوبند کے نو منتخب ناظم تعلیمات امام النحو حضرت مولانا حسین احمد ہریدواری__ایک تعارف۔

ام المدارس دارالعلوم دیوبند کے نو منتخب ناظم تعلیمات امام النحو حضرت مولانا حسین احمد ہریدواری__ایک تعارف۔
محمد سلمان مدرس مدرسہ حسینیہ مصطفیٰ آباد مرغوب پور ضلع ہریدوار 9690514804
1 ۔ (کلاہِ گوشۂ دہقاں بآفتاب رسید)
حضرت مولانا حسین احمد صاحب ہریدواری استاذ حدیث و ناظم تعلیمات دارالعلوم دیوبند ضلع ہریدوار کی ایک مردم خیز بستی "ایکڑ خورد" کے ایک دیندار گھرانے میں 13/ جون 1966ء میں پیدا ہوئے، آپ کے والد ماجد حاجی محمد اختر صاحب نور اللہ مرقدہ دنیوی لحاظ سے نہایت بااثر اور دینی لحاظ سے نہایت علم دوست، علماء نواز اور باعمل انسان تھے، آپ کے والد ماجد اپنی بستی میں قائم شدہ صوبہ اتراکھنڈ کے ممتاز ادارے "مدرسہ دارالعلوم اسعدیہ ایکڑ خورد" کے تا دمِ حیات نہایت نیک نام اور ہر دلعزیز مہتمم بھی رہے اسی مدرسے میں آپ نے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور 1989ء میں "ام المدارس دارالعلوم دیوبند" سے سند فراغت حاصل کی اور علاقے کے قدیم ترین ادارے "جامعہ حسینیہ مصطفیٰ آباد مرغوب پور" کی مسندِ تدریس و صدارت کو زینت بخشی اور سات سال تک نہایت محنت و جاں فشانی کے ساتھ مدرسے کے علمی ماحول کو چار چاند لگاتے رہے، یہاں تک کہ 1996ء میں قسّام ازل نے آپ کو ام المدارس دارالعلوم دیوبند کی مسندِ تدریس کے لیے منتخب کرلیا، الحمد للّٰہ آپ نے ام المدارس کے علمی ماحول میں بھی اپنی انفرادیت کو باقی رکھا اور بتدریج ترقی کرتے کرتے درجۂ علیا کے مقبول ترین مدرس ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا اور اب اللہ کی توفیق، اکابر کے اعتماد، آپ کی محنت، قابلیت، کام کے تئیں فکر مندی، یکسوئی اور دلسوزی کی بدولت ام المدارس کے منتخبِ روزگار معزز اراکینِ شوریٰ نے دارالعلوم دیوبند کے با وقار منصب یعنی "نظامتِ تعلیمات" کے لیے آپ کا انتخاب فرمایا ہے جس پر یقیناً آپ صد ہزار تبریک و تحسین کے مستحق ہیں، اللّٰہ رب العالمین اس انتخاب کو مثمرِ خیر وبرکت بنائے ۔ آمین۔

ایں سعادت بزور بازو نیست
تا نہ بخشد خدائے بخشندہ

2 ۔ (کامیاب مدرس مقبول مصنف)
آپ اگر ایک طرف مقبول ترین مدرس ہیں تو دوسری طرف نہایت ہی کامیاب اور بافیض مصنف بھی ہیں آپ کی درجن بھر علمی اور تحقیقی تصانیف ہیں جو ہر لائبریری کی زینت اور علمی حلقوں کی ضرورت ہیں، آپ کی تصانیف کی خاص بات یہ ہے کہ ہر تصنیف وقت کے جید علماء و محققین کی پسند فرمودہ ہیں ۔ چند مشہور تصانیف کے نام درج ذیل ہیں ۔
1 ۔ تدریس القرآن
2 ۔ مشکل ترکیبوں کا حل مع قواعد و نکات
3 ۔ نجوم الحواشی شرح اصول الشاشی
4 ۔ قواعد الصرف و خاصیات الابواب
5 ۔ مصطلحات النحو
6 ۔ درس نحو میر
7 ۔ آپ ترکیب نحوی کیسے کریں
8 ۔ حج و عمرہ کے مشکل مسائل
وغیرہ ۔
اور ہنوز تصنیف و تالیف کا یہ سلسلہ جاری ہے جو آپ کو ان شاءاللہ ہمیشہ زندہ و تابندہ رکھے گا ۔ بقول شاعر
یلوح الخطُّ فی القرطاس دھراً
 و کاتبہ …… رمیم فی التراب
(لکھنے کی والے کی ہڈیاں قبر میں بوسیدہ ہوجاتی ہیں مگر تحریر ہمیشہ زندہ رہتی ہے)

3 ۔(باقیات صالحات)
تدریس و تالیف کے ساتھ آپ کا ایک ممتاز وصف اپنے ماتحتوں کی شاندار تربیت بھی ہے، آپ کو اللہ نے چھ بیٹیاں اور چار بیٹے عطا فرمائے ہیں جو بحمد اللہ تقریباً سب کے سب حافظ ہیں، آج کے اس دین بیزار دور میں ایک ہی گھر میں ایک درجن حافظوں کا ہونا کسی کرامت سے کم نہیں ہے شاذ و نادر ہی ایسی مثالیں ملتی ہیں بلکہ بعض صاحب زادگان تو ماشاءاللہ حافظ ہونے کے ساتھ ساتھ آپ ہی کے نقش قدم پر گامزن اور "الولد سر لابیہ" کے حقیقی مصداق ہیں میری مراد ہے حضرت مولانا مفتی محمد اسجد صاحب قاسمی دامت برکاتہم سابق معین المدرسین دارالعلوم دیوبند و موجودہ ناظم تعلیمات و استاذ تفسیر و فقہ مدرسہ شیخ حسین احمد مدنی انبہٹہ پیر سہارنپور نیز حضرت مولانا محمد اطہر صاحب قاسمی دامت برکاتہم امام و خطیب مسجد جوالاپور یہ دونوں حضرات بھی ماشاءاللہ اپنے والد کی طرح دین متین کی خدمت میں مصروف ہیں اور باقی اولاد سے بھی یہی توقع ہے ان شاءاللہ۔ اللہ آپ کو اور آپ کے سارے گھرانے کو سدا شاد و آباد رکھے آمین ۔
ایں سلسلہ طلائے ناب است
ایں خانہ ہمہ آفتاب است

4 ۔ (قندِ مکرر)
ابھی دو تین دن قبل آپ کو علاقے کے علماء و زعماء کی موجودگی میں جمعیۃ علماء اتراکھنڈ کا صوبائی صدر منتخب کیا گیا تھا، موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ اتراکھنڈ کے دوسرے ہر دلعزیز عالم دین مفکر ملت حضرت مولانا مفتی ریاست علی صاحب استاذ دارالعلوم دیوبند نے آپ کا نام پیش کیا تھا اور باتفاق رائے آپ کو جمعیۃ علمائے اتراکھنڈ کے صوبائی صدر کے طور پر منتخب کرلیا گیا تھا اور بحمد اللہ آج یہ خوش خبری مل گئی کہ آپ کو ام المدارس دارالعلوم دیوبند کا ناظم تعلیمات بھی منتخب کرلیا گیا اللّٰہ تعالیٰ آپ کے لیے تمام ذمہ داریوں سے عہدہ بر آ ہونا آسان فرمائے ۔ آمین

5 ۔ (ایں دعاء از من……) 
چونکہ آپ نے دارالعلوم دیوبند سے پہلے سات سال تک "جامعہ حسینیہ مصطفیٰ آباد مرغوب پور" میں تدریس و نظامتِ تعلیمات کے فرائض انجام دیے ہیں لہذا مدرسہ ھٰذا کے خدام اس فرحت بخش خبر پر بطور خاص خوشی محسوس کرتے ہیں، مدرسہ کی منتظمہ کمیٹی، مدرسے کے ناظم اعلیٰ حضرت مولانا محمد ہارون صاحب قاسمی، جملہ اساتذہ و طلبہ، جمیع اہل بستی و اہل علاقہ اور راقم سطور سب آپ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ آپ کا ستارۂ اقبال سدا یوں ہی بلند رہے، اللہ تاحیات آپ سے ملک و ملت کی بیش از بیش خدمات لیتا رہے اور قدم بہ قدم آپ کو اپنی حمایت و نصرت خاص عطا فرمائے ۔آمین بحرمۃ سید المرسلین صلی اللّٰہ علیہ و علیٰ آلہ و صحبہ اجمعین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر