عیدگاہ روڈ اور نالیوں کی مرمت کرائی جائے، عیدگاہ کمیٹی کے ممبران کا علاقہ کادورہ کرکے میونسپل بورڈ سے مطالبہ۔
گزشتہ کئی مہینوں سے خستہ حال عیدگاہ روڈ اور ٹوٹی ہوئی نالیوں کی وجہ سے سڑک پر پانی جمع ہونے سے علاقہ کے لوگ پریشان ہیں، وہیں سڑک سے گزرنے والے طلبہ و طالبات اور دیگر لوگوں کو بھی کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس سلسلے میں متعدد بار بلدیہ سے سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا جاچکاہے لیکن اس کے باوجود مسئلہ کا کوئی حل نہیں ہواہے۔
آج عیدگاہ کمیٹی کے ممبران نے عیدگاہ وقف کمیٹی کے سکریٹری محمد انس صدیقی کی قیادت میں عیدگاہ اور آس پاس کے علاقے کا جائزہ لیتے ہوئے میونسپل بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل شہر میں بڑے پیمانے پر صفائی کے ساتھ ساتھ اس پورے علاقے کی سڑکوں اور نالیوں کی بھی مرمت کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے اس پورے علاقہ کی سڑکوں اور نالیوں کی حالت خراب ہے،جس کی وجہ سے گندہ پانی سڑک پر بھرا رہتاہے، جس سے لوگوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہاہے۔عیدگاہ کے سکریٹری محمد انس صدیقی نے بتایا کہ کووڈ 19کی وجہ سے عیدگاہ میں گزشتہ دو سالوں سے عید کی نماز نہیں ہو رہی ہے لیکن اس بار انشاء اللہ عید کی نماز عیدگاہ میں ادا کی جائے گی، اس لیے اس پورے علاقے کی بڑے پیمانے پر صفائی مہم چلایا جانابہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے ایس ڈی ایم دیوبند، ایگزیکٹیو آفیسر اور میونسپل کونسل کے چیئرمین کو بھی تحریر مکتوب بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مکتوب کے ذریعہ مطالبہ کیا ہے کہ عیدگاہ کے اطراف سے گزرنے والی سڑک اور عیدگاہ کی دیوار کے نیچے سے جانے والی نالی تقریباً گزشتہ ایک سال سے ٹوٹی ہوئی حالت میں ہے۔ جس کا گندہ پانی سڑک پر مسلسل بھرا رہتا ہے۔ جس کی وجہ سے اس راستے سے گزرنا مشکل ہو رہا ہے۔ اب رمضان کا مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ گزشتہ دو سالوں سے عیدگاہ میں نمازنہ ہونے کے سبب اس مرتبہ بڑے پیمانے پر صفائی مہم چلائی جانا بہت ضروری ہے،انہوں نے کمیٹی بھی صفائی مہم چلائیگی لیکن اس سے قبل سڑک اور نالیوں کی مرمت بہت ضروری ہے۔
DT Network
0 Comments