Latest News

بچیوں کو تعلیم دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جامعہ دارالعلوم اسعدیہ میں ختم بخای شریف کے موقع پر مولانا مزمل حسین قاسمی کا خطاب۔

بچیوں کو تعلیم دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جامعہ دارالعلوم اسعدیہ میں ختم بخای شریف کے موقع پر مولانا مزمل حسین قاسمی کا خطاب۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
سرساوہ میں واقع جامعہ دارالعلوم اسعدیہ میں ختم بخای شریف کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ادارہ کی ایک درجن طالبات کو سند فراغت دی گئی۔ اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا مزمل حسین قاسمی نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے حضرت امام بخاری ؒ کی خدمات اور بخاری شریف کی افادیت و اہمیت پر مفصل اندازمیں روشنی ڈالی۔
مولانا مفتی مزمل قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرہ میں جتنی ذمہ داری میں مرد پر ڈالی گئی ہے اتنی ہی عورت کو بھی حصہ دار بنایا گیا ہے۔ اسلام نے عورت کو اہمیت وعزت دی ہے اور اسی نے مرد وعورت کی ذمہ داریوں کو الگ الگ تقسیم کیا ہے، جو مرتبہ اسلام نے عورت کو دیا ہے وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیا۔ مولانا نے طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے مدرسہ میں تعلیم حاصل کی ہے،آپ خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے آپ کو علم حاصل کرنے کا موقع دیا، آپ اپنے گھروں میں دینی ماحول بنانے اور تعلیمی بیداری لانے کاکام کیجئے جس میں کامیاب زندگی ممکن ہے۔ مولانا نے کہاکہ بغیر تعلیم کے ہم بے حیثیت ہیں، تعلیم ہمیں عزت دیتی ہے اور ہمارے وجود کو مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کو تعلیم دلانا بہت ضروری ہے تاکہ وہ آنے والے وقت میں آنے والی نسلوں کی بہترین تعلیم وتربیت کا انتظام کرسکیں۔ 
مولانا نے کہا کہ جو طالبات علم حاصل کرکے اس ادارہ سے جارہی ہیں ان کے اوپر ذمہ داری زیادہ بڑھ جاتی ہے، لہٰذا تعلیم حاصل کرنے کے بعد اس کا عملی نمونہ اپنی زندگی، اپنے مزاج اور اخلاق کے ذریعہ پیش کریں۔ ادارہ کے مہتمم مفتی خورشید احمد قاسمی نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں انٹر نیٹ کی برائیوں نے تیزی سے رفتار پکڑی ہے، ایسے حالات میں ہمیں برائیوں سے بچنے کے لئے مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ موبائل سے حتی الامکان بچنے کی کوشش کریں۔ ادارہ کے ناظم تعلیمات مولوی عثمان خورشیدی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سالانہ رپورٹ پیش کی۔
 
پروگرام کی صدارت مفتی مزمل حسین قاسمی نے کی اور نظامت کے فرائض مفتی صادق نے انجام دیئے۔ پروگرام کا اختتام پیرجی حسین بوڑیہ کی دعا پر ہوا، اس موقع پر قاری سعید، مولانا اسجد قاسمی، مولانا محفوظ، مفتی حسین قاسمی، مولانا گلفام امام مرکز، مولانا عبدالعظیم قاسمی، مولانا سلطان اسعدی، مولانا اسعد، مفتی فرمان مجددی، قاری ارشد، قاری امجد، قاضی اقبال، مولوی اکرم، سلیم سلمانی، ارشاد غازی، سہیل غازی، اسرار راؤ عابد، حافظ گلزار وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر