ہر ہندوستانی شہری مردم شماری کے سوالات کا جواب دینے کا پابند۔
نئی دہلی:(ایجنسی) ہر ہندوستانی شہری قانونی طور پر مردم شماری کے سوالات کا جواب دینے کا پابند ہے اور مردم شماری کو انجام دینے اور قومی آبادی کے رجسٹر (این پی آر) کی مشق کو آسانی سے کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، منگل کو وزیرمملکت برائے امور داخلہ نتیانند نے ایک سوال کے جواب میں لوک سبھا میں یہ بات کہی ۔
آئی اے این ایس کے مطابق۔ انہوں نےکہا’ہر شخص قانونی طور پر اس بات کا پابند ہے کہ وہ مردم شماری کے سوالات کے جوابات اپنے بہترین علم یا عقیدے کے مطابق دے اور مردم شماری اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کی مشق کو آسانی سے انجام دینے کے لئے ریاستی حکومتوں کے تعاون سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مردم شماری ایکٹ 1948 کی دفعات کے تحت، ریاستی حکومتیں مردم شماری کے عمل میں مدد یا نگرانی کے لیے مردم شماری افسران کا تقرر کرتی ہیں۔ وزارت کے عہدیداروں نے یہ بھی کہا کہ مردم شماری کے ہاؤسنگ لسٹنگ کا مرحلہ اور این پی آر کو اپ ڈیٹ کرنے کی مشق یکم اپریل سے 30 ستمبر 2020 تک ملک بھر میں کی جانی تھی، لیکن کووڈ 19- کے پھیلنے کی وجہ سے ملتوی کردی گئی۔واضح ہو حکومت نے مردم شماری کا عمل روک دیا ہے لیکن ابھی تک نئے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے۔
0 Comments