Latest News

تلاوت قرآن سے ایسا لگنے لگا ہے کہ مجھے بھی حافظ قرآن بننا ہوگا، ادارہ دعوۃ السنہ کے دوروزہ مسابقہ القرآن الکریم سے ڈاکٹر ظہیر قاضی کا خطاب، پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات اور معروف شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تلاوت قرآن سے ایسا لگنے لگا ہے کہ مجھے بھی حافظ قرآن بننا ہوگا، ادارہ دعوۃ السنہ کے دوروزہ مسابقہ القرآن الکریم سے ڈاکٹر ظہیر قاضی کا خطاب، پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات اور معروف شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ممبئی: (نازش ہماقاسمی) ۶؍ طلبہ نے جو یہاں خوبصورت آواز میں قرآن پاک کی تلاوت کی ہے ایسا لگنے لگا ہے کہ مجھے بھی حافظ قرآن بننا ہوگا۔ اور میں اس کےلیے کوشش بھی کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے حج ہائوس میں ادارہ دعوۃ السنہ کے زیر اہتمام منعقدہ دوروزہ مسابقۃ القرآن الکریم کی آخری نشست سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے ادارہ کے روح رواں مولانا شاہد ناصری کو ۲۵ سال سے اس طرح کے پروگرام کا انعقاد کرنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے خطاب کے دوران مدارس کے طلبہ میں عصری علوم اور اسکول وکالج کے اسٹوڈنٹ میں دینی علوم کے حصول پر زور دیا۔ انہوں نے بتایاکہ انجمن اسلام نے ۱۵۰ سالہ دور مدت میں دنیا وی تعلیم دین کے دائرے میں دی ہے لاکھوں طلبا فیض یاب ہوئے اور اچھے شہری بنے۔ 
انہوں نے بتایا کہ جب ہم نے لاء کالج شروع کیا تو اس میں تین حافظ قرآن تھے، اسی طرح انہو ںنے بتایاکہ آیوش منسٹری کی طرف سے ایک پروگرام تھا، اس میں انٹرنیشنل ایوارڈ دئیے گئے، ڈاکٹر راشد قاضی کو وہاں ایوارڈ دیاگیا، اس لیے دیا گیا کہ اس سال اس یونیورسٹی میں پانچ بچے جو فرسٹ پوزیشن میں آئے وہ پانچوں ہماری بیٹیاں تھیں اور سبھی حجاب میں تھی۔ انہو ںنے کہاکہ یہ سب حافظ قرآن کی کارکردگی ہے اور حافظ قرآن بننا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم اپنے بچوں کو دینی و دنیاوی دونوں تعلیم سے آراستہ کریں ۔ ہم سوچیں کہ مدارس کے بچوں کو دنیاوی تعلیم کس طرح دی جائے۔ 
قبل ازیں پروگرام سے خطاب کرنے والوں میں مولانا انیس الرحمان قاسمی (قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل)، مولانا نذر توحید (شیخ الحدیث و مہتمم مدرسہ رشیدالعلوم چترا جھارکھنڈ)، مولانا بدیع الزماں ندوی قاسمی(چیرمین انڈین کونسل آف فتویٰ اینڈ ریسرچ ٹرسٹ بنگلور، کرناٹک وجامعہ فاطمہ للبنات مظفرپور ، بہار)، مفتی سعیدالرحمان قاسمی (استاد دارالعلوم امدادیہ ممبئی) شامل ہیں۔ اس درمیان دو روزہ مسابقہ میں ملک بھر کی ریاستوں سے شریک طلبہ کے نتائج کا اعلان کیاگیا ۔ ۲۴؍ ویں مسابقہ میں اول پوزیشن محمد ثاقب بن قاری عاشق الہی (مدرسہ حسین زکریا مسجد ڈھوائی نگر میرٹھ) ، دو م پوزیشن عبیدالرحمان بن محمد امین (جامعہ اسلامیہ بھٹکل)، سوم پوزیشن محمد ابوذر قاری عبدالمومن (مدرسہ زکریا مسجد ڈھوائی نگر میرٹھ) اسی طرح ۲۵؍ ویں مسابقہ میں اول پوزیشن محمد ابن رفاقت حسین (مدرسہ اسلامیہ جامع مسجد امروہہ)، دو م پوزیشن محمد زید بن عمردین (مدرسہ حسین زکریا مسجد ڈھوائی نگر میرٹھ) سوم پوزیشن محمد نعیم قاری شبیر احمد (مدرسہ اشرف العلوم دھوج فرید آباد ہریانہ) نے حاصل کیے۔ 
۲۵ ویں مسابقہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ۲۵ ہزار، دوم کو ۲۰ ہزار اور سوم پوزیشن کو دس ہزار ، اور چوبیسویں میں اول کو ۲۵ ، دوم کو ۲۰ اور سوم کو ۱۵ ہزار روپئے کے نقد انعامات دئیے گئے اس کے علاوہ مختلف شعبہ حیات میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والوں کو اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ 
بصیرت آن لائن کے منیجنگ ڈائریکٹر مولانا خان افسر قاسمی کو مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ دیاگیا۔ مولانا حکیم رضوان قاسمی، مولانا زاہد ناصری، مولانا شمیم اختر قاسمی کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پروگرام کی نظامت مولانا مفتی نافع عارفی (جنرل سکریٹری ملی کونسل بہار) نے کی۔ مسابقہ کا اختتام مفتی سعید الرحمان قاسمی کی دعا سے ہوا۔ یہ دوروزہ پروگرام بصیرت آن لائن کے یوٹیوب چینل پر نشر کیاگیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر