Latest News

قرآن کریم کے مطابق زندگی گزارنے سے ہی دونوں جہاں میں کامیابی ملتی ہے۔ تکمیل حفظ کے موقع مدرسہ تحفیظ القرآن ابراہیمی میں منعقد دعائیہ نشست میں مولانا حبیب اللہ مدنی کا خطاب۔

قرآن کریم کے مطابق زندگی گزارنے سے ہی دونوں جہاں میں کامیابی ملتی ہے۔ تکمیل حفظ کے موقع مدرسہ تحفیظ القرآن ابراہیمی میں منعقد دعائیہ نشست میں مولانا حبیب اللہ مدنی کا خطاب۔
سہارنپور: معروف دینی ادارہ مدرسہ تحفیظ القرآن موضع ابراہیمی سرساوہ میں تین بچوں کے تکمیل حفظ قرآن کریم کرنے کے موقع پر ادارہ کی "مسجد طیب" میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جمعیت علمائے ہند کے ضلع صدر مولانا سید حبیب اللہ مدنی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرکے حفاظ کرام کی دستار بندی کی اور قرآن کریم و حفاظ کی عظمت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مجلس کی صدارت جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے رکن شورٰی مولانا محمد عارف نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مدرسے کے مہتمم مولانا احسن زاہدی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر تکمیل حفظ کی سعادت حاصل کرنے والے حافظ محمد عفان، حافظ محمد عمار اور حافظ محمد شاہ ویز کا قرآن شریف مکمل کرایا گیا اور انہیں دستار فضیلت سے نوازا گیا۔
اس موقع پر مولانا حبیب اللہ مدنی نے اپنے خصوصی خطاب کے دوران قرآن کریم کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قران کریم کا حفظ کرنا بہت بڑی سعادت کی بات ہے، یہ دونوں جہاں میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بھلائیوں اور کامیابیوں کا راستہ قرآن کریم پر عمل کرنے سے ہی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو قرآن حکیم کے مطابق گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اپنے معمولات زندگی میں تلاوت کلام اللہ کو ہر حال میں شامل رکھنا چاہیے۔ مولانا نے حفاظ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو علم دین بالخصوص قرآن کریم کی تعلیمات ضرور دینا چاہیے۔ مولانا نے حاضرین کو تعلیم کی اہمیت سے روشناس کرایا اور بچوں کو ہر حال میں تعلیم دینے کی تلقین کی۔ 
اخیر میں مدرسہ کے مہتمم مولانا احسن زاہدی نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ خصوصی شرکاء میں مولانا عبد الماجد، مولانااشفاق زاہدی، مولانا صلاح الدین زاہد ی، قاری محمد عدنان، قاری محمد معروف، حافظ محمد ازہد، مولانا مزمل اور مولانا افضل زاہدی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر