Latest News

سعودی حکومت نے حج 2022 کو دی ہری جھنڈی، دنیا بھر کے ممالک کا حج کوٹہ طے، جانئے ہندستان سمیت کس ملک سے کتنے افراد کو ملے گی اس سال حج کرنے کی سعادت۔

سعودی حکومت نے حج 2022 کو دی ہری جھنڈی، دنیا بھر کے ممالک کا حج کوٹہ طے، جانئے ہندستان سمیت کس ملک سے کتنے افراد کو ملے گی اس سال حج کرنے کی سعادت۔
ریاض: سعودی عرب نے حج 2022 کیلئے کوٹہ جاری کر دیا جس کے بعد مختلف ممالک سے اسی کوٹے کی بنیاد پر عازمین حجاز مقدس جاسکیں گے۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں مجموعی طور پر 10 لاکھ افراد دنیا بھر سے فریضہ حج ادا کریں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رواں برس 65 سال سے کم عمر افراد حج کر سکیں گے اور ان حج کے خواہاں افراد کیلئے ضروری ہے ان کا سعودی وزارت صحت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین کا کورس مکمل ہو۔
بیرون ممالک سے آنے والے عازمین حج کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ روانگی سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پرانی منفی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ فراہم کریں۔ اس کے علاوہ مختلف ممالک کو دیے جانے والے حج کوٹہ کی تعداد بھی سامنے آگئی ہے۔
سعودی گزٹ میں شائع رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس سال سب سے زیادہ مسلمان انڈونیشیا سے حج کیلئے آئیں گے۔ انڈونیشیا سے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ 51 افراد کو حج کیلئے آنے کی اجازت ہوگی۔ انڈونیشیا کے بعد جس ملک سے سب سے زیادہ عازمین حج کو آنے کی اجازت دی گئی ہے وہ پاکستان ہے۔ پاکستان سے زیادہ سے زیادہ 81 ہزار 132 افراد حج کیلئے جاسکیں گے۔ وہیں ہندستان عازمین کا کوٹہ 79237 طے کیا گیا ہے۔ یعنی اس سال ہندستان سے اناسی ہزار دو سو سینتیس افراد حج بیت اللہ کی زیارت کی سعادت حاصل کریں گے۔
اس کے علاوہ بنگلہ دیش کا حج کوٹہ 57 ہزار585، نائجیریا کا 43 ہزار 8 ہے۔ افغانستان کا حج کوٹہ 13ہزار 582 اور ترکی کا 37ہزار 770ہے۔ برطانیہ کاکوٹہ 12 ہزار 348، امریکہ 9 ہزار 504 اور فرانس کا حج کوٹہ 9 ہزار268 ہے۔
افریقی ملک انگولا سے سب سے کم صرف 23 افراد فریضہ حج کیلئے جاسکیں گے۔
خیال رہے کہ سالانہ ہر ملک کو مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے حج کوٹہ مختص کیاجاتا ہے۔ اس سال غیر ملکی عازمین حج کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار جبکہ مقامی افراد کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار ہوگی۔
غیر ملکی کوٹے میں اس سال 45.2 فیصد کمی کی گئی ہے جس کی وجہ عالمی وبا کورونا وائرس ہے۔ کورونا وائرس سے قبل ہر ملک کا کوٹہ اس سے زیادہ ہوتا تھا۔ 2020 میں ہندستان کا حج کوٹہ تقریباً پونے دو لاکھ تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر