Latest News

افغانستان کے شہر قندوز میں نما ز جمعہ کے دوران دھماکے میں 33 افراد جاں بحق۔

افغانستان کے شہر قندوز میں نما ز جمعہ کے دوران دھماکے میں 33 افراد جاں بحق۔
کابل: افغانستان کے شہر قندوز میں نما ز جمعہ کے دوران دھماکے میں 33 افراد جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق قندوز کے ضلع امام صاحب کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں مسجد میں ہر طرف تباہی پھیل گئی۔
طالبان ترجمان نے بتایا کہ دھماکے میں بچوں سمیت 33 افراد جاں بحق اور 43 زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق دھماکے سے مسجد کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کی تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان و نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ حالیہ واقعات میں ملوث شر پسند عناصر کی گرفتاری اور سزا کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم اس جرم کی مذمت کرتے ہیں اور مرنے والوں کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی افغانستان کے 3 شہروں میں بم دھماکے ہوئے تھے جبکہ مزار شریف کی مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ مزارشریف کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 58 زخمی ہوئے تھے۔
اے ایف پی کے مطابق افغان پولیس کا کہنا ہے کہ طالبان فورسز نے داعش کے ایک مشتبہ جنگجو کو گرفتار کیا ہے جس نے مبینہ طور پر افغانستان میں ایک شیعہ مسجد میں بم حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ صوبہ بلخ کی پولیس کے ترجمان آصف وزیری نے کہا کہ عبدالحمید سنګریار داعش کے ایک اہم رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’وہ مسجد پر کل کے حملے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔‘

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر