Latest News

سماج وادی پارٹی کے وفد سے ملنے سے انکار کرنے کے بعد کانگریس لیڈر اچاریہ پرمود کرشنم سے ملے اعظم خان۔

سماج وادی پارٹی کے وفد سے ملنے سے انکار کرنے کے بعد کانگریس لیڈر اچاریہ پرمود کرشنم سے ملے اعظم خان۔
سیتا پور ؍ لکھنؤ:(ایجنسی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قد آور لیڈر اعظم خاں نے شیوپال یادو کے بعد اب سیتا پور جیل میں کانگریس لیڈر اچاریہ پرمود کرشنم سے بھی ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات اس لیے اہم ہے کیونکہ ایک دن قبل اعظم خاں نے صحت کی وجوہات بتا کر اکھلیش یادو کے بھیجے گئے رہنماؤں سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔ اب کانگریس لیڈر سے ملاقات کرکے اعظم خاں نے 24 گھنٹے کے اندر سیتا پور جیل سے اکھلیش کو دوہرا جھٹکا دیا ہے۔ اسے اکھلیش یادو کے لیے واضح پیغام سمجھا جا رہا ہے۔ قیاس آرائیاں ہیں کہ اعظم خاں جلد ہی شیو پال یادو کے ساتھ نئے محاذ کا اعلان کر سکتے ہیں۔
اعظم خاں کے قریبی دوستوں کی جانب سے اکھلیش یادو پر ان کے لیڈر کو نظر انداز کرنے کا الزام لگائے جانے کے بعد یوپی کی سیاست ایک بار پھرسینئر مسلم لیڈر کے گرد گھومنے لگی ہے۔ پہلے بغاوت کا جھنڈا اٹھائے ہوئے شیو پال یادو نے سیتا پور جیل میں اعظم خاں سے ملاقات کی تو اس کے بعد ڈیمیج کنٹرول موڈ میں مصروف اکھلیش نے بھی اپنے وفد بھیج دئے، لیکن ایس پی سربراہ کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب اعظم خاں نے ان کے سفیروں کو یہ کہہ کر لوٹا دیا کہ طبیعت ٹھیک نہیں ہے ۔
کانگریس لیڈر اچاریہ پرمود کرشنم پیر کی صبح سیتا پور جیل پہنچے۔ کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد پولیس اور اعظم خاں کی رضامندی کے بعد انہیں اندر بھیج دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اچاریہ بھی اپنے ساتھ گیتا لے کر پہنچے ہیں۔ کانگریس لیڈر سے ملاقات کے بعد یہ تقریباً واضح ہو گیا ہے کہ اعظم نے خراب طبیعت نہیں بلکہ خراب موڈ کی وجہ سے ایس پی لیڈروں سے ملاقات نہیں کی تھی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر