Latest News

اکھلیش یادو سے ناراضگی کی خبروں کے درمیان آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین نے اعظم خاں کو دی ساتھ آنے کی دعوت۔

اکھلیش یادو سے ناراضگی کی خبروں کے درمیان آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین نے اعظم خاں کو دی ساتھ آنے کی دعوت۔
الہ آباد: (ایجنسی) سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی محمد اعظم خاں کو لے کر بڑی خبر آرہی ہے۔ سماجوادی پارٹی سے ناراض بتائے جا رہے اعظم خاں کو اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین نے اپنی پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ پارٹی نے سیتا پور جیل میں بند اعظم خاں کو اس بابت خط بھیجا ہے۔
اعظم خاں کو یہ خط اے آئی ایم آئی ایم کے ترجمان محمد فرحان نے لکھا ہے۔ فرحان کے مطابق، انہوں نے پارٹی سربراہ اسدالدین اویسی کی منظوری کے بعد ہی اعظم خاں کو خط بھیجا ہے۔ تین صفحات پر مشتمل اس خط میں لکھا گیا ہے کہ ’سماجوادی پارٹی مسلمانوں کی قطعی ہمدرد نہیں ہے۔ وہ مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کی طرح سمجھتی ہے۔
گزشتہ تین سالوں میں اعظم خاں اور ان کی فیملی کے لئے اکھلیش یادو اور ان کے سپہ سالاروں نے کوئی ٹھوس آواز نہیں اٹھائی ہے۔ اس لئے اعظم خاں سے اپیل ہے کہ وہ اے آئی ایم آئی ایم میں شامل ہوکر پارٹی کارکنان کی رہنمائی کریں اور اسدالدین اویسی کے ساتھ مل کر مسلمانوں کو سیاسی پہچان دلائیں۔
اے آئی ایم آئی ایم لیڈر نے اس کے ساتھ ہی اعظم خاں سے جیل میں ملاقات کا وقت بھی مانگا ہے۔ خبر ہے کہ اعظم خاں کی منظوری ملنے کے بعد اے آئی ایم آئی ایم کے بڑے لیڈر جیل جاکر ان سے ملاقات کریں گے، جہاں اعظم خاں کو پارٹی میں شامل ہونے کی رسمی دعوت جائے گی۔
اعظم خاں کو دی گئی دعوت کو اسدالدین اویسی کی پارٹی کی مسلم ووٹروں کو سادھنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ خبر ہے کہ رامپور کے پارٹی لیڈروں کے ذریعہ اعظم خاں اور ان کی فیملی تک بھی یہ خط پہنچائی جائے گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر