اردو اکادمی نے کیا سالانہ ایوارڈز کا اعلان، پروفیسر وسیم بریلوی اور وسیم الحق کے نام شامل۔
نئی دہلی: (پریس ریلیز) نائب وزیراعلیٰ ، دہلی و چیئرمین اردو اکادمی، دہلی منیش سسودیا نے ممبرانِ گورننگ کونسل اور مختلف اردو اداروں کی آراء کی روشنی میں اکادمی کا سال 2019-20 اور سال 2021-22 کے سالانہ ایوارڈز مندرجہ ذیل تفصیل کے مطابق دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ان ایوارڈز کی اطلاع اکادمی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد اور سکریٹری اکادمی محمد احسن عابد کے ذریعہ جاری کی گئی۔
سال 2019-20 کے لیے ’’کل ہند بہادر شاہ ظفر ایوارڈ‘‘ ممتاز ادیبہ و فکشن نگار جیلانی بانو (حیدرآباد) کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ’’پنڈت برج موہن دتاتریہ کیفی ایوارڈ‘‘ ممتاز ادیب و ناقد سابق صدر، شعبۂ فارسی دہلی یونیورسٹی پروفیسر شریف حسین قاسمی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ دونوں ایوارڈ دولاکھ اکیاون ہزار روپے نقدفی کس سند، شال اورمومنٹو پر مشتمل ہیں۔
علاوہ ازیں(2)ایوارڈ برائے تحقیق و تنقید صاحبِ علم بصیرت اورمحقق و نقاد و پروفیسر صادق کو،(2)ایوارڈ برائے تخلیقی نثر معروف افسانہ نگاربلقیس ظفیرالحسن کو،(3) ایوارڈ برائے شاعری ممتاز شاعر و ناظم مشاعرہ شکیل جمالی کو، (4)ایوارڈ برائے اردو صحافت معروف صحافی وسیم الحق کو،(5)ایوارڈ برائے بچوں کا ادب ڈاکٹر عادل حیات کو (6)ایوارڈ برائے فنونِ لطیفہ معروف قوال غلام صابر غلام وارشکو اور (7) ’’کل ہند ایوارڈ برائے فروغ اردو ‘‘معروف نغمہ نگار گلزار(ممبئی ) کو دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ یہ ایوارڈز ایک لاکھ ایک ہزار روپے فی کس نقد، شال، سند اورمومنٹو پر مشتمل ہیں۔
سال 2021-22 کے لیے ’’کل ہند بہادر شاہ ظفر ایوارڈ‘‘ ممتاز ادیب ، محقق و نقاد پروفیسر عبدالستار دلوی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ’’پنڈت برج موہن دتاتریہ کیفی ایوارڈ‘‘ ممتاز ادیب و ناقد سابق صدر، شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسرشمس الحق عثمانی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ دونوں ایوارڈ دولاکھ اکیاون ہزار روپے نقدفی کس سند، شال اورمومنٹو پر مشتمل ہیں۔
ان کے علاوہ(1)ایوارڈ برائے تحقیق و تنقید ممتاز ناقد و ادیب پروفیسر خواجہ اکرام الدین کو،(2)ایوارڈ برائے تخلیقی نثر معروف افسانہ نگارنعیمہ جعفری پاشا کو،(3)ایوارڈ برائے شاعری ممتاز شاعر اقبال اشہر کو، (4)ایوارڈ برائے اردو صحافت معروف صحافی اسد رضا کو،(5) ایوارڈ برائے اردو ڈراماپروفیسر محمد کاظم کو (6)ایوارڈ برائے ترجمہ پروفیسر اسدالدین کو اور(7) ’’کل ہند ایوارڈ برائے فروغ اردو‘‘ عالمی شہرت یافتہ شاعر پروفیسر وسیم بریلوی کودینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ یہ ایوارڈز ایک لاکھ ایک ہزار روپے فی کس نقد، شال، سند اورمومنٹو پر مشتمل ہیں۔
0 Comments