Latest News

ضلع سہارنپور میں کورونا کے نئے مریض ملنے کے سبب محکمہ صحت میں مچی افرا تفری۔

ضلع سہارنپور میں کورونا کے نئے مریض ملنے کے سبب محکمہ صحت میں مچی افرا تفری۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
ضلع میں کورونا کے معاملے پھر سے ملنے پر محکمہ صحت میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ حال ہی میں ضلع میں کورونا کے تین ایکٹیو مریض ملے ہیں، اس کے بعد بھی لوگوں میں لاپرواہی برتنے کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام اس جانب سنجیدہ نہیں ہورہے ہیں، اسپتالوں، بازاروں، دوکانوں اور عوامی مقامات میں لوگ بلا ماسک کے ہی اپنے کاموں کو انجام دے رہے ہیں، جب کہ این سی آر میں شامل بڑے شہروں میں میرٹھ، شاملی، مظفرنگر میں ماسک کو ضروری کردیاگیا ہے۔ 
ضلع میں ابھی تک کورونا کے 39060مریض مل چکے ہیں، ان میں 32903مریض پہلی دو لہرو ں میں ملے تھے، جب کہ تیسری لہر میں 6154مریض سامنے آئے ہیں۔ تیسری لہر کا آخری کیس 26مارچ 2022کو ملا تھا، اس کے بعد سے کورونا ضلع میں خاموش تھا، لیکن اب پھر سے کورونا کے کیس ملنے شروع ہوگئے ہیں۔ 6سالہ بچے سمیت تین لوگ کورونا سے متأثر مل چکے ہیں، خاص بات یہ ہے کہ کورونا کا مریض سامنے آنے کے باوجود لوگوں پر کوئی اثر نظر نہیں آرہا ہے اور وہ بدستور لاپرواہی والے رویہ پر اپنی زندگی گزا ررہے ہیں۔ علاقہ کے بازاروں، سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں، شوپنگ مال اور بازاروں میں لوگ بنا ماسک اور بنا سوشل ڈسٹینسنگ کے اپنے کام انجام دے رہے ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس سطح سے بھی ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ کو لے کر سختی نہیں برتی جارہی ہے، جب کہ این سی آر میں ماسک کو ضرور ی قرار دیا جاچکا ہے۔ جنتا روڈ پر واقع گاؤں کے ایک پرائیویٹ اسکول میں 6سالہ بچہ کورونا سے متأثر ملا۔ ایسے میں محکمہ صحت نے احتیاط کے طو رپر اسکول جاکر 36لوگوں کے نمونے لے کر آرٹی پی سی آر جانچ کے لئے بھیجے ہیں، اس میں ٹیچر اور طلبہ شامل ہیں۔ 
سرکاری اسپتال کے سینئر فزیشین اور سابق سی ایم او ڈاکٹر بی ایس سوڈھی کا کہنا ہے کہ کورونا ہر بار اپنی شکل بدل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شک تیسری لہر میں جان کا نقصان نہیں ہوا ہے لیکن ہمیں لاپرواہی نہیں برتنی چاہئے، کورونا سے بچاؤ کے لئے جاری کئے گئے احکامات پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیماری ایک دوسرے سے لگنے والی ہے، ایسے میں ہمیں صرف اپنے بارے میں نہیں بلکہ اپنوں کے بارے میں سو چنا چاہئے۔ 
نوڈل آفیسر شوانگا گوڑ نے کہا کہ اپریل ماہ میں کورونا کے تین معاملے سامنے آئے ہیں جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ حال ہی میں تین ایکٹیو مریض ہیں، کورونا سے نمٹنے کے سبھی انتظام ہمارے پاس ہیں لیکن پھر بھی عوام کو چاہئے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے لئے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات پر عمل کرے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر