Latest News

ہرمسلمان اپنے بچوں کو حافظ قرآن بنائیں: شاہنوازبدرقاسمی، وژن انٹرنیشنل اسکول میں ختم قرآن کے موقع پر دعائیہ تقریب منعقد۔

ہرمسلمان اپنے بچوں کو حافظ قرآن بنائیں: شاہنوازبدرقاسمی، وژن انٹرنیشنل اسکول میں ختم قرآن کے موقع پر دعائیہ تقریب منعقد۔ 
سہرسہ(بہار): ضلع کے معروف تعلیمی ادارہ وژن انٹرنیشنل اسکول چکمکہ میں گزشتہ شب تراویح میں تکمیل قرآن کااہتمام کیاگیا، یہ سعادت اسکول کے پرنسپل فاضل دارالعلوم دیوبند مولانا عفان قاسمی نے حاصل کی۔ نماز تراویح میں اسکول کے اساتذہ،کارکنان، طلباء کے علاوہ مقامی افراد نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے بانی و منیجنگ ڈائریکٹر شاہنوازبدر قاسمی نے کہاکہ ماہ ِ رمضان کا مہینہ سب سے برکت اور رحمت والا ہے،یہی وہ مقدس مہینہ ہے جس میں نزول قرآن کا آغاز ہوا اور لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر ناز ل کیا گیا، تراویح کے دوران مکمل قرآن کریم سننا بڑی سعادت اور خوش نصیبی کی بات ہے آحادیث میں بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ قرآن مجید ایک مکمل دستور نظام ہے کلام اللہ کو ہمیں سمجھ کر پڑھنا چاہئے، فتنوں کے اس دور میں قرآن مجید سے اپنے رشتوں کو مزید مضبوط کرنے اور قرآنی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حفظ قرآن کوئی معمولی کام نہیں ہے اللہ جسے توفیق دیتے ہیں وہ حافظ قرآن بن پاتے ہیں ہمیں حافظ قرآن کے احترام میں کوئی کمی نہیں کرنی چاہئے، جس دل میں اللہ کا کلام ہو اگر ہم ان کا احترام نہیں کریں گے تو اس سے بڑی بدنصیبی کی کیا بات ہے۔انہوں نے تکمیل قرآن کے موقع پر حافظ عفان قاسمی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ پورے سال میں کسی بھی حافظ قرآن کیلئے سب سے خوشی کا دن ختم قرآن کا دن ہوتا ہے اللہ پاک ہم سب کو بھی قرآن سے محبت کرنے اور اس پر عمل کی توفیق عنایت فرمائے، انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں میں سے کسی ایک کو ضرور حافظ قرآن بنائیں۔
مولانا شمس قمر نے بھی فضائل قرآن اور تکمیل تراویح کے مناسبت سے تفصیلی بیان فرمایا اور کہاکہ قرآن واحد کتاب ہے جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے اگر ہم قرآن مجید کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے لگیں تو یاد رکھئے کسی بھی مسائل اور مشکلات سے دوچار نہیں ہوسکتے ہیں۔اس موقع پر چکمکہ جامع مسجد کے امام مولانا عادل حسین ندوی،خزانچی ماسٹر محمد بدرالدین، چھوٹی مسجد کے امام مولانا سفروز،مولانا رضوان، حافظ نعیم، ماسٹر شہناز کریم، ماسٹر عبدالوحید، صادقمر، انجینئر منت رحمانی، محمد منا، محمد افضل، رکن الدین، محمدچاند، رستم علی وغیرہ خصوصی طورپر موجود رہے۔ آخر میں اسکول کے ڈائریکٹر نعیم صدیقی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مولانا حافظ عفان قاسمی کی رقت آمیز دعا پر یہ دعائیہ مجلس بحسن وخوبی اختتام پزیر ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر