Latest News

تنظیم ائمہ مساجد سہرسہ کے زیراہتمام مسابقہ اذان کا کامیاب انعقاد، پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء کوگراں قدر انعامات سے نوازا گیا، سرکردہ علماء کی شرکت۔

تنظیم ائمہ مساجد سہرسہ کے زیراہتمام مسابقہ اذان کا کامیاب انعقاد، پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء کوگراں قدر انعامات سے نوازا گیا، سرکردہ علماء کی شرکت۔
سہرسہ:  تنظیم ائمہ مساجد سہرسہ کے زیراہتمام آج جامع مسجدرانی باغ سمری بختیار پور میں ضلعی سطح پر مسابقہ اذان کا کامیاب انعقادکیاگیا۔ مسابقہ دونشستوں میں منعقدکیاگیا۔ پہلی نشست 9 بجے سے 1 بجے تک اوردوسری نشست ڈھائی بجے سے ساڑھے چار بجے تک منعقد ہوئی ۔ مفتی سعید الرحمن قاسمی مفتی امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کی صدارت اور شاہنوازبدرقاسمی ڈائریکٹر وژن انٹرنیشنل اسکول سہرسہ کی نظامت میں منعقد اس مسابقے میں سو سے زائد مساہمین نے شرکت کراپنی خوش الحانی کامظاہرہ کیا۔ بعدنمازمغرب تقریب انعامات کاانعقادکیاگیا۔
تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر صدرجمہوریہ ایوارڈ یافتہ مشہور عالم دین مفتی خالدحسین نیموی قاسمی صدرجمعیۃ علماء بیگوسرائے اور امارت شرعیہ کے نائب قاضی مفتی وصی احمد قاسمی نے شرکت کی۔ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے مفتی وصی احمد قاسمی نے کہاکہ مسابقہ اذان کے عنوان سے یہ پہلا پروگرام مجھے دیکھنے کوملا، اورمیرے علم کی مطابق اس عنوان پرمسابقہ کرانے میں تنظیم ائمہ مساجد نے ریاستی سطح پر سبقت حاصل کی ہے، ہم سب اس کے لیے تنظیم ائمہ مساجد کے تمام ذمہ داران کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نےکہاکہ اگرتجویدکی رعایت کے ساتھ اچھی آوازمیں اذان ہونے لگے تو لوگ کشاں کشاں مسجد کی طرف چلے آئیں، اورجولوگ اذان سے نفرت کرتے ہیں وہ بھی شوق سے اذان کے کلمات سننے کے لیے کھینچےچلے آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ روح شریعت کے خلاف ہے کہ اذان بھونڈی اورناپسندیدہ آوازمیں دی جائے۔ہم سمری بختیارپورکے عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ خدارااپنی مسجدوں میں خوش الحان مؤذن اورامام مقررکریں۔
وہیں مفتی خالدحسین نیموی نے کہاکہ مسابقہ اذان ایک نئی پیش رفت ہے۔ اوریہ مسابقہ عصرحاضرکی ایک اہم‌ضرورت ہے ۔ اذان عبادت بھی ہے اور دین کاشعاربھی ہے اورشعائراسلام کی حفاظت کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اذان کااثرسماج پربھی پڑتاہے۔کیوں کہ اسے ہمارے علاوہ ہمارے سماج میں بسنے والے ہمارے برادران وطن بھی سنتے ہیں۔اس لیے آذان اچھی آواز میں ہونی چاہیے، تاکہ سماج پراس کابہتراثرپڑے۔ تنظیم ائمہ مساجد کے نائب صدر مولاناضیاء الدین ندوی نے کہاکہ امت پرجو حالات آتے ہیں ان حالات سے نمٹنے کے لیے تنظیم ائمہ مساجد اسی مناسبت سے پروگرام منعقد کرقوم کو بیدارکرنےکاکام کرتی ہے، طلاق کامسئلہ آیا تو عورتوں کو سراپا احتجاج بنادیا، این آرسی کی بات آئی تو علاقے کے نوجوان مردوں کے ساتھ ساتھ عورتوں کو بھی انقلابی بنادیا، آج اذان پربات آئی تو اس موضوع پر مسابقہ کراکر قوم کو بیدارکرنےکاکام کیاہے۔ اس مسابقہ کاتقاضہ ہے کہ ہرمسجدمیں اچھی آواز میں اذان ہو اور نمازیں بھی اچھی آواز میں ہو۔ اس مسابقہ کے انعقاد میں تنظیم ائمہ مساجد کے صدر حافظ محمد ممتاز رحمانی، مفتی فیاض عالم جامعی اور مولانا مظاہرالحق قاسمی کا خصوصی تعاون رہا مسابقہ اذان میں پورے ضلع سے کل 94 شرکاء نے حصہ لیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے تمام شرکاء کو گراں قدر انعامات سے نوازا گیا-
اس مسابقہ میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے محمد عبید اللہ ڈرہار کو دس ہزار شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ، دوم ابوسفیان سونبرسا راج کو 8000 ہزار شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ، سوم محمد برکت اللہ رحمانی چکمکہ کو 6000ہزار شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ، چہارم ندیم اختر نوہٹہ کو 4000ہزار شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ اور پنجم محمد حمدان بھٹونی کو 3000 شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا ان کے علاوہ نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے 15شرکا کو خصوصی انعامات اور سرٹیفیکیٹ اور بقیہ تمام شرکاء مسابقہ کو مہمانوں کے ذریعے میڈل پیش کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی-
مسابقہ اذان میں حکم صاحبان کی حیثیت سے دارالقضاء گوگری گھگڑیا کے قاضی شریعت مولانا محمد ارشد قاسمی، مفتی عبداللہ انس قاسمی استاذ دارالعلوم الاسلامیہ پھلواری شریف پٹنہ اور قاری شمس الحق استاذ مدرسہ تحفظ القرآن راجا بازار پٹنہ شریک ہوۓ- اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی یوسف صلاح الدین کے علاوہ بڑی تعداد میں علماء، ائمہ اور سرکردہ شخصیات موجود رہے-

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر