Latest News

درگاہ اجمیر شریف میں شرپسندی اور دخل اندازی کسی قیمت پر قبول نہیں کی جائیگی : آل انڈیا امامس کونسل کا انتباہ۔

درگاہ اجمیر شریف میں شرپسندی اور دخل اندازی کسی قیمت پر قبول نہیں کی جائیگی : آل انڈیا امامس کونسل کا انتباہ۔
جےپور:( پریس ریلیز) آل انڈیا امامس کونسل راجستھان کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا مرتضیٰ جاوید نے اجمیر درگاہ کو مندر بتانے کی سازش کی پُرزور لفظوں میں مذمت کی۔ اجمیر درگاہ پورے ملک میں گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے اور یہاں پورے ملک اور دنیا سے سبھی مذاہب کے ماننے والے زیارت کے لیے آتے ہیں۔ درگاہ کو مندر بتانے والے مہارانا پرتاپ سینا کے قومی صدر ”راج وردھن سنگھ پرمار“ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اجمیر درگاہ ہی نہیں بلکہ بھارت کی کسی بھی مسلم عبادت گاہ کی طرف ایک قدم بڑھانے سے پہلے آل انڈیا امامس کونسل سے مقابلہ کرنا ہوگا۔
مولانا مرتضی نے کہا کہ ملک میں سنگھ پریوار آنے والے الیکشن کے مدنظر پھر پورے ملک میں نفرت پھیلانے کے لیے مسلم مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے کی کر سازش رہا ہے۔ اجمیر میں بھی اب جھوٹی افواہ پھیلا کر قومی ایکتا کے سب سے بڑے مرکز مشہور صوفی حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ کو ہندو مندر بتا کر ملک کے فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کی ہے جو قابل برداشت نہیں ہے۔ 
صوبائی جنرل سکریٹری نے مزید کہا کہ امامس کونسل سنگھ پریوار کی ایسی سازشوں کو روکنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔ ملک کے دستور کے ساتھ کسی کو بھی کھلواڑ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو بچانے کے لیے امامس کونسل قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہے۔
مولانا نے ہندو دھرم گُروؤں اور دیگر طبقوں کے افراد سے اپیل کرتے ہوئے سنگھ پریوار کی سازشوں سے اپنے مذہب و ملک کی حفاظت کے لئے سبھی کو آگے آنے کو کہا۔ آج ملک میں ہندو دھرم خطرے میں ہے؛ اسی لیے ہندو دھرم کے دھرم گروؤں کو آگے آکر سنگھ پریوار سے اپنے دھرم کو بچانا چاہیے۔
مولانا نے یہ بھی کہا کہ: راجستھان جیسے جیسے الیکشن کے نزدیک جا رہا ہے ویسے ویسے سنگھ پریوار صوبے کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پہلے دھارمک ریلیوں کے نام پر ماحول بگاڑنے کی کوشش کی گئی اور اب درگاہ کو مندر بتا کر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ملک کا ماحول بگاڑنے والے غیر سماجی عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔ اور عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی شخص ذات اور مذہب کے نام پر بھڑکانے والے ان جنونی عناصر کے بہکاوے میں نہ آئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر