Latest News

حال ہی میں تیسری شادی کرنے والے پاکستانی پارلیمنٹ کے ممبر 49 سالہ عامر لیاقت حسین کا کراچی میں اچانک انتقال۔

حال ہی میں تیسری شادی کرنے والے پاکستانی پارلیمنٹ کے ممبر 49 سالہ عامر لیاقت حسین کا کراچی میں اچانک انتقال۔
کراچی:  جمعرات کو قومی اسمبلی رکن عامر لیاقت حسین کو تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد عامر لیاقت کے انتقال کی تصدیق کی۔ عامر لیاقت  49 سال کے تھے۔
جیو نیوز کے مطابق عامر لیاقت حسین کے کمرے کا دروازہ بند تھا جسے گھر کے ملازمین کافی دیر سے کھٹکھٹا رہے تھے۔ ملازم نے بتایا کہ عامر لیاقت کی گزشتہ رات طبیعت خراب ہوئی تھی، ان کےدل میں تکلیف ہورہی تھی، انہیں اسپتال جانے کا کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔
عامر لیاقت کے ڈرائیور نے پولیس کو طبیعت خرابی کی اطلاع دی اور بتایا کہ ان کے کمرے سے گزشتہ روز چیخنے کی آوازیں بھی آئیں۔ پولیس کے مطابق عامر لیاقت کے گھر بجلی نہیں تھی جس کی وجہ سے جنریٹر چل رہا تھا اور گھر میں جنریٹر کا دھواں پھیلا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننے کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا جس کے بعد میت کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔  پولیس کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کے گھر سے شواہد جمع کیے جارہے ہیں، ان کے ملازمین اور ڈرائیورز سے بیانات لیے جائیں گے۔
ادھر عامر لیاقت کے انتقال کے بعد قومی اسمبلی کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ عامر لیاقت حسین کے انتقال کی خبر پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے افسوسناک کا اظہار کرتے ہوئے قومی اسمبلی کااجلاس کل شام 5بجے تک ملتوی کردیا۔

کون تھے عامرلیاقت حسین۔
عامرلیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو پیدا ہوئے، وہ 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے ممبر رہے۔ عامرلیاقت حسین مشرف دور میں وزیرمملکت بھی رہے، 2018 میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
عامر لیاقت حسین پہلی بار ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عامر لیاقت حسین نے تین شادیاں کیں، پہلی شادی سیدہ بشریٰ اقبال، دوسری سیدہ طوبیٰ اور تیسری دانیہ سے کی۔ وہ بشریٰ اور طوبیٰ کو طلاق دے چکے تھے جب کہ دانیہ تاحال ان کی منکوحہ تھیں جنہوں نے عامر لیاقت کے خلاف تنسیخِ نکاح کا کیس دائر کر رکھا تھا۔ پہلی بیوی سے سے بچے ہیں۔

صحافت کے میدان میں کمایا نام۔
انہوں نے عملی صحافت کا آغاز ندائے ملت سے کیا۔
عامر لیاقت حسین کو جیو ٹیلی ویژن کے پروگرام عالم آن لائن سے شہرت ملی اور ان کی شہرت کو جیو کی رمضان ٹرانسمیشن اور انعام گھر نے چار چاند لگا دیے، وہ جیو ٹی وی سمیت مختلف میڈیا گروپس کے ساتھ منسلک رہے۔
عامر لیاقت نے عملی سیاست کا آغاز متحدہ قومی موومنٹ سے کیا اور وہ پہلی مرتبہ ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر ہی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
اسی سال فروری 2022 میں عامر لیاقت نے تیسری شادی دانیہ شاہ سے کی لیکن 3 ماہ بعد دانیہ نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کردیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر