Latest News

یوپی سرکار نے سپریم کورٹ میں داخل کیا حلف ننامہ، کہا ضابطے کے مطابق ہو رہی ہے صوبہ میں بلڈوزر کاروائی۔

یوپی سرکار نے سپریم کورٹ میں داخل کیا حلف ننامہ، کہا ضابطے کے مطابق ہو رہی ہے صوبہ میں بلڈوزر کاروائی۔
نئی دہلی: (ایجنسی)
اترپردیش میں بلڈوزر ایکشن پر یوپی حکومت نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا ہے۔ یوپی حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ ضابطہ کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اتر پردیش میں تشدد کے ملزمان کی جائیدادوں کو بلڈوزر چلا کر گرا دیا گیا تھا، اس پر سپریم کورٹ نے جواب طلب کیا تھا۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں یوپی حکومت نے کہا گیا ہے کہ مسماری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف معمول کے عمل کا حصہ ہے، جمعیۃ غلط طریقہ سے انہدامی کارروائی کو فسادات سے جوڑ رہی ہے، نوٹس بہت پہلے جاری کر دئے گئے تھے۔

یوپی حکومت نے کہا کہ فسادیوں کے خلاف علیحدہ قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، لہذا جمعیۃ علما ہند پر جرمانہ عائد کر کے عرضی خارج کی جائے۔ الہ آباد میں جاوید محمد کے گھر پر کارروائی سے پہلے کئی مواقع دئے گئے تھے اور اس کا فسادات سے کوئی تعلق نہیں ہے، قانون کے مطابق عمل کیا گیا۔

یوپی حکومت نے حلف نامہ میں کہا ’’عرضی گزار جھوٹا الزام لگا رہا ہے کہ ایک طبقہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ متاثرہ فریقین میں سے کسی نے بھی عدالت سے رجوع نہیں کیا ہے۔ ضابطے کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔ جمعیۃ علما ہند کی جانب سے یوپی حکومت پر لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔‘‘

اتر پردیش کے اسپیشل سکریٹری ہوم راکیش کمار مالپانی نے سپریم کورٹ میں ثبوتوں کے ساتھ 63 صفحات پر مشتمل حلف نامہ داخل کیا ہے۔ بیان حلفی کے ساتھ جاوید احمد کے گھر پر سیاسی جماعت کا سائن بورڈ سمیت تمام چیزیں عدالت کو بھجوا دی گئی ہیں۔ بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ املاک کو بلڈوزر کے ذریعے مسمار کیا گیا ہے۔ یہ عمل کافی عرصے سے جاری ہے۔ اس لیے یہ الزامات غلط ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ تشدد کے ملزمان سے بدلہ لے رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے 16 جون کو جمعیۃ علما ہند کی جانب سے دائر عرضی پر اتر پردیش حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے جواب طلب کیا تھا۔ تب سپریم کورٹ نے کہا کہ انہدامی کارروائی قانون کے مطابق ہونی چاہیے۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر